|

وقتِ اشاعت :   February 25 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سید حسنین ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی اور بلوچستان حکومت میں اتحادی جماعتیں سینیٹ انتخابات میں بھر پور انداز میں کامیابی حاصل کریں گی، سینیٹ انتخابات کے حوالے سے وزیراعلیٰ جام کمال خان کی اتحادی جماعتوں کی کمیٹی بنانے کی تجویز اہمیت کی حامل ہیں، تمام اتحادی مل بیٹھ کر سینیٹ انتخابات میں معاملات حل کریں گے۔

یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی عوام نے بلوچستان عوامی پارٹی اور اتحادی جماعتوں پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے صوبائی حکومت نے گزشتہ اڑھائی سالوں میں صوبے کی بہتر ی کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں بی اے پی اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ ملکر سینیٹ انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کریگی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی سیاسی جمہوری جماعت ہے جس نے ہمیشہ صوبے کے وسیع تر مفاد میں سیاسی و جمہوری فیصلے تمام اتحادیوں کی مشاورت سے کئے ہیں اور سینیٹ انتخابات میں بھی یہ سلسلہ خوش اصلوبی سے طے کیاجائیگا انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں اتحادی جماعتوں سے بات چیت کیلئے وزیراعلیٰ جام کمال خان کی تجویز اہمیت کی حامل ہے۔

جسکی بھر پور انداز میں حمایت کرتے ہیں کمیٹی کے قیام سے اتحادی جماعتیں بھر پور انداز میں کامیابی حاصل کرنے کے ہدف سے ہمکنار ہونے کے ایک قدم مزید قریب ہونگی انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کے درمیان تحفظات اور مسائل ہوسکتے ہیں جنہیں مل بیٹھ کر بات چیت کے ذریعے حل کرلیا جائیگا۔