|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سینیٹ کی جنرل اور ٹیکنو کریٹ نشستوں پر امیدوار ساجد ترین ایڈوکیٹ کے خلاف دائر کردہ آئینی درخواست کو خارج جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے میر نوید کلمتی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ملتوی کردی گئی ۔

جمعہ کو بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس عبدالحمید پر مشتمل بنچ نے خالد نامی شہر ی کی جانب سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سینیٹ کی جنرل اور ٹیکنو کریٹ نشستوں پر امیدوار ساجد ترین کے خلاف دائر کردہ آئینی درخواست پر سماعت کی دوران سماعت فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر ساجد ترین ایڈوکیٹ کے خلاف دائر درخواست کو مسترد کرتے ہوئے انہیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

عدالت نے بلوچستان عوامی پارٹی کے ٹیکنو کریٹ نشست پر امیدوار میر نوید کلمتی کے خلاف دائر بی این پی کے موسیٰ بلوچ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی دوران سماعت فریقین کے وکلاء نے دلائل دئیے جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت آج تک کے لئے ملتوی کردی ۔