|

وقتِ اشاعت :   March 2 – 2021

کوئٹہ: پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات محترمہ بشریٰ رند نے کہا ہے کہ صوبے میں شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے معاشرے کی تمام اکائیوں کو اپنا بھر پور کردار داد کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزیدکہا ہے کہ درخت ہمارے لیے آکسیجن کی حیثیت رکھتے ہیں۔

درختوں کی وجہ سے فضا ء صاف اورخوشگوار رہتی ہے،اور صاف ہوا کی بدولت انسان کئی قسم کی بیماریوں سے محفوظ رہتاہے اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں مدد گار ہیں۔ صوبے میں درختوں کی اہمیت کوسمجھتے ہوئے شجر کاری مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔اس حوالے سے صوبے کے طو ل و عرض میں درخت لگائے جارہے ہیں۔درختو ں کی بدولت جہاں انسان کو صحت کے حوالے سے فائدے پہنچتے ہیں۔

وہاں ہمیں معاشی طور پر بھی فائدہ ہوتا ہے کیونکہ درختوں کی بدولت خطیر زر مبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہم سب کو مل کر اس شجر کاری مہم کو کامیاب بنانا ہے اورہر فردنے اپنی سطح پر درختوں کا لگا نے اور اْن کی حفا ظت کے حوالے سے عملی اقدامات اْٹھا نا ہونگے۔

حکومت بلوچستان صوبے کوسرسبز اور شاداب بنانے کیلئے پر عزم ہے اور شجر کاری کے حوالے سے تمام تراقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کو ایک صاف اور شفاف ماحول میسر آسکے ہم سب نے اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگاتاکہ ہمارا مستقبل محفوظ رہے۔