|

وقتِ اشاعت :   March 5 – 2021

کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ سول آفیسرز ہمارے ملک و صوبے کا اثاثہ ہیں. نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کوئٹہ ایک موقر ادارہ ہے اور اکتیسویں مڈکیریئر مینجمنٹ کورس کی تکمیل پر افسران پیشہ روانہ کیرئیر کے چیلنجر سے نبردآزما ہو سکیں گے۔

گورنر یاسین زئی نے زیر تربیت آفسران پر زور دیا کہ وہ کسی قسم کے دباؤ میں آئے بغیر اپنی پیشہ روانہ صلاحیتوں بروئے کار لاکر عام افراد کو درپیش مسائل ومشکلات حل کریں اور ان کی تکالیف میں کمی لائیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کوئٹہ میں اکتیسویں مڈکیریئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر نم کوئٹہ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سعد خان بھی موجود تھے۔

31ویں مڈکیریئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ اچھی طرز حکمرانی قائم کرنے اور معاشرے کو ناجائز سفارشوں اور اقرباء پروری سے پاک رکھنے میں آفیسرز حضرات بہت اہم کردار ادا کر سکتے ہیں. انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ آپ کو کسی قسم کے دباؤ میں آنے کی بجائے ایک سچے عوامی خادم کی حیثیت سے اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ہمارے آفیسرز اپنے عمل و کردار سے قومی توقعات پر پورا اترنے کیلئے مخلصانہ کاوشیں کرینگے کیونکہ آپ پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ آپ ہر قسم کے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں. گورنر یاسین زئی نے تخلیقی اور تنقیدی شعور کو پروان چڑھانے کیلئے ادبی محفلوں، مشاعروں اور بوک فیرز کے انعقاد کو لازمی قرار دیا۔

گورنر نے آفیسرز پر زور دیا کہ وہ کتاب اور صاحبِ کتاب کے ساتھ مضبوط ربط وتعلق رکھیں اور مطالعہ کو اپنی روز مرہ زندگی کی سرگرمیوں کا حصہ بنائیں. گورنر یاسین زئی نے نم کوئٹہ کی جانب سے پہلی بار ادبی محفل، مشاعرہ اور خاص کر کتاب میلے کے اہتمام پر خوشی ومسرت کا اظہار کیا. گورنر نے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سعد خان اور ان کی پوری ٹیم کی انتھک کاوشوں کو سراہا۔

قبل ازیں نم کوئٹہ آمد پر گورنر بلوچستان کو بلوچستان کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا. بعدازاں انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ میں پہلے کتاب میلے اور لائبریری کا افتتاح کر دیا اور لگائے گئے اسٹالز کا معائنہ بھی کیا۔