|

وقتِ اشاعت :   March 8 – 2021

کوئٹہ: سیکرٹری محکمہ ترقی نسواں ظفر علی بلیدی نے کہا ہے کہ سماجی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ معاشرے میں خواتین کے مساوی حقوق سمیت خواتین کے دیگر مسائل کے حل کیلیے اقدامات کررہے ہیں۔حکومت صوبے کی خواتین کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلیے تمام ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے کے تمام ڈویڑنل ہیڈکوارٹرز میں ورکنگ وومین ہاسٹل تعمیر کرنے جارہی ہے تاکہ کام کرنے والی خواتین کو بہترین رہائشی سہولیات دی جاسکے۔

اسکے علاؤہ ویمن انکیوبیشن سنٹرز کا قیام اور خواتین کے معاشی مسائل کے حل کیلیے ہر ضلع میں خواتین کیلیے مینا بازار کے قیام کیلیے بھی کوششیں کی جارہی ہیں۔ تمام اضلاع میں ویمن امپاورمنٹ سنٹر کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے۔ کام کی جگہ پر خواتین کو ہراسانی سے بچانے اور انکی مدد کیلیے یو این ڈی پی کی مدد سے ہیلپ لائین 1089 کا قیام بھی عمل میں لایا گیا جہاں اس سلسلے میں شکایات درج کرائی جاسکتی ہے۔

صوبائی حکومت خواتین سے امتیازی سلوک کے روک تھام اور انکے مساوی حقوق کیلیے قانون سازی بھی کررہی ہے جو جلد ہی صوبے میں نافذ کی جائے گی۔ صوبائی سیکرٹری نے کہا کہ خواتین پر گھریلو تشدد کے سدباب کیلیے بھی قانون سازی کا عمل آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایات کی روشنی میں ایک ویمن انڈوومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔

جس سے نادار مستحق اور طلاق یافتہ خواتین کی معاشی کمک ممکن ہوسکے گی۔صوبائی سیکرٹری نے کہا کہ جنسی ہراسانی کے شکار خواتین کی قانونی مدد اور مختلف واقعات کے نتیجے میں رونما ہونے والی نفسیاتی مسائل کے حل کیلیے حکومتی سطح پر اقدامات کیے جارہے ۔