|

وقتِ اشاعت :   March 8 – 2021

کوئٹہ: پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں خواتین کو ترقی کے یکساں مواقعوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے موثر قانون سازی کی جارہی ہے معاشرے کے پسماندہ طبقات کو ہمارے سہارے کی نہیں ہمارے  ساتھ کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام عالمی یوم خواتین کی نسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین سمیت تمام پسماندہ طبقات کو ہر  شعبہ زندگی  میں یکساں مواقعوں کی فراہمی کے لئے موثر قانون سازی پر عمل درآمد جاری ہے کورونا کی عالمی وباء سے قبل پانچ مختلف مسودہ قوانین پر کام جاری تھا جس میں سے تین مکمل کرلئے گئے جبکہ کچھ امور کوویڈ کی وجہ سے التواء چلے گئے۔

کوویڈ کے بعد معمولات زندگی کی بحالی کے ساتھ ہی ان زیر التواء قوانین کی تشکیل پر پیش رفت کا آغاز کردیا جائے گا انہوں نے بتایا کہ بلوچستان ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں پہلی بار وویمن ڈیسک قائم کیا گیا ہے جہاں محکمہ صحت میں کام کرنے والی خواتین کے مسائل اور شکایات کے ازالے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں یہ ڈیسک سیکرٹریٹ کے دیگر دفاتر کے لئے ایک رول ماڈل ثابت ہوگا ۔

اور ہم پر امید ہیں کہ سیکرٹریٹ کے دیگر محکموں میں بھی ایسے وویمن ڈیسک قائم کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے نیوٹریشن ڈائریکٹوریٹ کے زیر انتظام کوئٹہ کے چار مختلف عوامی مقامات پر وویمن بریسٹ فیڈنگ کارنر قائم کئے گئے ہیں ۔

جہاں خواتین کو نماز، بریسٹ فیڈنگ،  واش روم کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں صوبائی دارلحکومت کے 30 سے زائد پبلک مقامات پر ایسے وویمن بریسٹ فیڈنگ کارنر قائم کئے جائیں گے اور بتدریج اس کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا ۔