|

وقتِ اشاعت :   March 10 – 2021

مقبوضہ جموں و کشمیر میں انتظامیہ نے اپنی بوکھلاہٹ کا ثبوت دیتے ہوئے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے جہاز کی شکل کے غبارے کو قبضے میں لے لیا۔

بھارتی نیوز ایجنسی ‘اے این آئی’ کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کے نام، لوگو اور رنگوں والا غبارہ مقبوضہ وادی کے سیکٹر ہیرانگر کے گاؤں سوترا چَک میں دیکھا گیا تھا۔

ابتدائی طور پر اس کی نشاندہی گاؤں کے افراد نے کی اور پولیس کو اس سے آگاہ کیا، بعد ازاں انتظامیہ نے اس غبارے کو قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کشیدہ ہونے کے باعث سرحد کے اس پار جانے والی چیزوں اور جانوروں کو بھارتی انتظامیہ جاسوسی کے شبے میں قبضے میں لے لیتی ہے۔

سال 2015 میں بھارتی فورسز نے پاک ۔ بھارت سرحد عبور کرنے والے کبوتر کو پٹھان کوٹ کے علاقے سے پکڑ لیا تھا۔

گزشتہ سال مئی میں بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) نے ایک اور ‘پاکستانی جاسوس کبوتر’ پکڑنے کا دعویٰ کیا تھا اور اسے مقبوضہ کشمیر کی پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔

 

بعد ازاں پاکستانی دیہات کے شہری نے کہا تھا کہ وہ کبوتر اس کا تھا اور اسے جاسوسی یا دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کے الزامات مسترد کردیے تھے۔