|

وقتِ اشاعت :   March 10 – 2021

بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نامعلوم افراد کے حملے میں زخمی ہوگئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ممتا بنرجی ریاستی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نندی گرام میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے آئی تھیں۔

ممتا بنر جی نے بتایا کہ واقعے کے وقت ان کی گاڑی کے پاس کوئی سیکیورٹی اہلکار موجود نہیں تھا اور وہ افراد ان کی گاڑی میں گھسنا چاہتے تھےا ور مزاحمت پر انہوں نے دھکے دیے جس کے باعث ان کی ٹانگ زخمی ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ ان کے خلاف سازش معلوم ہوتا ہے کیونکہ اس وقت کوئی بھی سیکیورٹی اہلکار ان کے پاس موجود نہیں تھا۔

بی جے پی کی مقامی قیادت کی جانب سے واقعے کو ڈرامہ قرار دیا گیا ہے۔ نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجری وال نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داران کو گرفتار کرکے سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے واقعے کے حوالے سے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔