|

وقتِ اشاعت :   March 11 – 2021

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین  بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ  پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کل سینیٹ میں کٹھ پتلی سرکارکا مقابلہ کرےگی،کسی صورت سینیٹ کا چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین  تحریک انصاف سے نہیں ہوگا۔ اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر اسلام الدین شیخ کی جانب سے عشائیہ دیا گیا جس میں اپوزیشن جماعتوں کے سینیٹرز سمیت بلاول بھٹو زرداری نے شرکت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں بلاول کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کل سینیٹ میں کٹھ پتلی سرکارکا مقابلہ کرےگی،کسی صورت میں سینیٹ کا چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین پی ٹی آئی سے نہیں ہوگا۔ بلاول کا کہنا تھا کہ ملک کا مفاد اسی میں ہےکہ سیاست دانوں کو مثبت کردار ادا کرنے دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر صادق سنجرانی کی مبینہ پرانی ویڈیوگردش کر رہی ہے،کسی کوعلم نہیں کہ ہم نےصادق سنجرانی کوسینیٹ چیئرمین کے لیےکیوں ووٹ دیا تھا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کے مطابق اس وقت ہمارے پنجاب کےبعض ساتھیوں کا خیال تھا کہ مسلم لیگ ن سےمل کر سیاست نہیں ہوسکتی، اس وقت آزاد سینیٹر صادق سنجرانی مجھ سے ملنے گھر  آئے،صادق سنجرانی نےچیئرمین سینیٹ منتخب ہونےکےلیےمدد مانگی تھی۔

بلاول کے مطابق صادق سنجرانی نےکہا تھا کہ منتخب ہونےکےبعد پیپلز پارٹی میں شامل ہوجاؤں گا، صادق سنجرانی پیپلزپارٹی میں شمولیت کے لیے قرآن پر حلف تک اٹھانے کو تیار  تھے، انہیں قرآن پرحلف اٹھانے سے منع کیا اور کہا  کہ آپ کی بات پر اعتبار ہے، لیکن انہوں نے اپنے وعدے کی پاسداری نہیں کی۔ انہوں نے مزیدکہا کہ حکومتی ترجمان سنجرانی کو ریاستی امیدوار قرار دےکر اداروں کو سیاست میں گھسیٹنےکی کوشش کر رہے ہیں۔