اسلام آباد: پی اے ایف اسپتال کے زیر اہتمام آج ورلڈ کڈنی ڈے کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد گردوں کی مختلف بیماریوں سے متعلق آگہی دیناتھا۔ میجر جنرل صفدر عباس (ریٹائرڈ)، چیف ایگزیٹوپی اے ایف اسپتال اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔سیمینار کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کر تے ہوئے پروفیسر سید اختر نے کہا کہ گردے کی بیماریاں ملک کے لئے ایک بڑا چیلنج ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ ریسرچ کے مطابق بیشتر افراد جن کی موت کووڈ کے باعث ہوئی ان کے گردوں میں خرابی کی علامات پائی گئی ہیں۔ انہوں نے ا پنی بات جاری رکھتے ہو ئے کہا کہ گردوں کی بیماریوں کے بارے میں عوام میں شعور پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ پرہیز علاج سے بہتر ہے۔ سنگین حالات کی روک تھام کے لئے گردے کی بیماری کی بروقت تشخیص نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے بیماری کے متعلق شعور بیدار کرنے میں پاکستانی میڈیا کو اپنا کردار ادا کرنے پر بھی زور دیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے مختصر وقت میں ایک بہترین ادارے کے قیام پر پروفیسر سعید اختر اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس اسپتال کو اعلیٰ معیار کی صحت کی سہولیات سے آراستہ کرنے کی غرض سے پاک فضائیہ کی زیرِ سرپرستی کڈنی کئیر سنٹر کا قیام ٹیم ورک کی ایک عمدہ مثال ہے۔
دنیا کے نامور یورولوجسٹ اور ٹرانسپلانٹ سرجن،پروفیسر سعید اختر اور ان کی ٹیم کی سربراہی میں یورولوجی اور گردوں کے ٹرانسپلانٹ کا شعبہ گردوں سے متعلق بیماریوں کے سدِباب لئے ایک بہترین طبی سہولت کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
اس شعبے میں گردوں سے متعلق امراض کی تشخیص اور علاج کی مکمل سہولیات جن میں ڈائلیسز، لیتھو ٹرپسی، لیزر کے ذریعے پتھروں کا اینڈوسکوپک علاج، گردے کے کینسر کیلئے لیپروسکوپک سرجری اور تمام بڑے یورولو جیکل کینسر ز کا علاج شامل ہیں۔