|

وقتِ اشاعت :   March 23 – 2021

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ہمارے لیے 23 مارچ تاریخی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل دن ہے کیونکہ ہمارے آباؤ اجداد نے قائد اعظم محمد علی جناح? کی زیر قیادت اپنی تقدیر بدلنے کا فیصلہ کیا اور ایک علیحدہ ریاست کے قیام کیلئے جدوجہد کا لائحہ عمل اختیار کیا۔ اور23 مارچ 1940 کے دن کو ہی قیام پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی تھی۔

یوم پاکستان کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہمیں اس دن کی اہمیت کو حقیقی معنوں میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔ہمارے مسائل بہت زیادہ ہیں۔ملک اور قومی یکجہتی کو دہشت گردی، انتہاپسندی، غربت اور معاشی مسائل کا سامنا ہے جن کے حل کیلئے ہم سب کو مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان محبت کرنے والا ملک ہے اورتمام مسائل کا پْر امن حل چاہتا ہے۔

اور ہم دنیا کو امن کا پیغام دیتے ہیں لیکن اگر کسی نے ہماری خود مختاری اور علاقائی سلامتی کو چیلنج کیا تو یہ ملک اس کا بھر پور جواب دینے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ افواج پاکستان نے نہ صرف ملکی دفاع کو یقینی بنایا ہے بلکہ جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے عزم کو بھی بلند رکھا ہے اور دنیا کی بہترین اور نڈر افواج میں اس کا شمار ہوتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قائدا عظم محمد علی جناح کے افکار اور رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے۔

پاکستان کے تمام مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے اور ملکی ترقی کیلئے ہمیں سیاسی وابستگیوں سے بالا ترہو کر اقدامات اٹھانا ہونگے۔ انہوں نے اس اْمید کا اظہار کیا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہم مزید پر عزم رہیں گے اور اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے مشترکہ جدوجہد کریں گے جو ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے ناگزیرہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے قوم کو یوم پاکستان کے دن پر مبارکباد یتے ہوئے کہا کہ آج ہی کے دِن لاہور میں قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں وہ تاریخ ساز قرار داد منظور کی گئی تھی جو بعد میں قرار داد پاکستان کے نام سے مشہور ہوئی۔

اِس قراراداد نے منزل کا واضح شعور دیا اور صرف 7سال بعد پاکستان معرضِ وجود میں آگیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہمیں اپنے ماضی پر گہری نظر ڈالتے ہوئے اپنے حال اور مستقبل کی صورت گری کے لیے غور و فکر کرتے ہوئے اپنی کامرانیوں کے ساتھ ساتھ کوتاہیوں کا بھی جائزہ لینا ہوگا۔