|

وقتِ اشاعت :   April 22 – 2021

کوئٹہ: جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان فیاض حسین مراد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی فہرستوں میں درج مرد و خواتین رائے دہندگان کے اعداد و شمار جاری کردیے ہیں۔

جس کے مطابق بلوچستان میں مرد رائے دہندگان کی تعداد 28 لاکھ 14 ہزار 1 سو 56، خواتین رائے دہندگان کی تعداد 21 لاکھ 5 ہزار 3 سو ایک اور رائے دہندگان کی کُل تعداد 49 لاکھ 19 ہزار 4 سو 57 ہے۔مزید براں پورے پاکستان کی طرح بلوچستان میں بھی عوام الناس اور رائے دہندگان کی سہولت کے پیش نظر تمام اضلاع میں رجسٹریشن افسران اور اسسٹنٹ رجسٹریشن افسران کے دفاتر میں فارم وصولی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں ۔

جہاں فارم 21 برائے اندراج/منتقلی ووٹ، فارم 22 برائے اعتراض/حذف ووٹ اور فارم 23 برائے درستگی کوائف جمع کروائے جاسکتے ہیں۔ فارم وصولی سینٹرز کی تفصیلات اور فارم 21/22/23 الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ www.ecp.gov.pk سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

مزید معلومات اور رہنمائی کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ہیلپ لائن نمبر 8848888-051 پر رابطہ کریں۔رائے دہندگان اپنے ووٹ کے اندراج کی تفصیلات اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کرکے حاصل کر سکتے ہیں۔