|

وقتِ اشاعت :   April 28 – 2021

کوئٹہ :بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہا ہے وزیراعظم کا دورہ کوئٹہ صوبے کے عوام کیلئے کسی عذاب سے کم نہیں ہے بلوچستان میں وفاقی منصوبوں کا کوئی وجود نہیں ہے

وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کے عوام کے ساتھ ایک بار پھر زیا دتی کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے بلوچستان بحرانوں کا شکار ہے اور وفاقی حکومت بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے اور جو دعوے کر رہے ہیں وہ صرف اور صرف ریت کی دیوار ثابت ہونگے

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ کوئٹہ کسی عذاب سے کم نہیں ہے اور کوئٹہ کے شہریوں کو مشکلات سے دو چار کیا اور سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے عوام کو عذاب میں مبتلا کیا ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ہمیشہ بلوچستان کے ساتھ ناروا سلوک رکھا ہے وفاقی حکومت صوبے کے ساتھ کوئی بھی تعاون نہیں کر رہا ہے جس کی وجہ سے حالات گھمبیر ہوتا جارہا ہے

انہوں نے کہا کہ سابق ڈی جی ایف آئی اے کے انکشافات کی تحقیقات ہونی چاہئے یہ گٹھ جوڑ بے بنیاد مقدمات بنانے اور قائدین کو جیل بھیجوانے کیلئے سرگرم ہے نیب نیازی گٹھ جوڑ کی حقیقت اور احتساب کے نام پر بے نقاب ہو گیا ہے اب سلیکٹیڈ وزیراعظم کو اخلاقی طورپر مستعفی ہونا چاہئے انہوں نے قلعہ عبداللہ میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو تحفظ دینے میں مکمل طورپر ناکام ہو چکے ہیں کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں امن امان کی صورتحال دن بدن بگڑتی جارہی ہے۔