|

وقتِ اشاعت :   April 29 – 2021

کوئٹہ :بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس جناب جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ اورجسٹس جناب جسٹس عبداللہ بلوچ پر مشتمل بینچ نے غیر نمونہ نمبر پلیٹس ، کالے شیشوں و دیگر سے متعلق وضاحت کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، سیکرٹری داخلہ ، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان اور ایس پی ٹریفک کو اگلی سماعت پر طلب کرلیا ہے ۔

یہ حکم بینچ نے ممتاز قانون دان سید نذیر آغا ایڈووکیٹ کی جانب سے غیر نمونہ نمبر پلیٹس ، کالے شیشے والی گاڑیوں ودیگر سے متعلق دائر آئینی درخواست کی سماعت کے موقع پر دیا ۔

سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شہک بلوچ ، وفاق کی جانب سے سید اقبال شاہ پیش ہوئے ۔ آئینی درخواست میںسید نذیر آغا ایڈووکیٹ کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس وقت صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں راہداری کے ذریعے بغیر کاغذات والی گاڑیاں ، غیر نمونہ نمبر پلیٹس اور کالے شیشوں کا استعمال عام ہیں بلکہ مختلف جرائم بھی ہورہے ہیں ۔

سماعت کے دوران درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ کوئٹہ میںہوائی فائرنگ روز کا معمول بن چکا ہے جس سے اب تک متعدد قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوچکے ہیں یا پھر گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی ہوچکے ہیں جن میں بچے ، خواتین اور دوسرے شامل ہیں اس لئے اس سلسلے میں کارروائی کے لئے احکامات دیئے جائیں جس پر بینچ کے ججز نے بینچ کے ججز نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شہک بلوچ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 4مئی کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلوچستان ، سیکرٹری داخلہ ، انسپکٹر جنرل پولیس اور ایس پی ٹریفک کو عدالت کے رو برو پیش کیا جائے ۔