|

وقتِ اشاعت :   April 30 – 2021

کوئٹہ:ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سریاب ڈویژن کوئٹہ جناب طارق انور کاسی نے قتل کے مقدمہ میں نامزد 3ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور 5لاکھ روپے ہرجانے کی سزا سنادی ۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان نے سال 2011میں پولیس تھانہ سٹی مستونگ کے حدود میں عبدالسلام نامی شخص کو قتل کرکے ان کی لاش ٹل دریخان روڈ پر پھینک دی تھی ،

ابتدائی طور پر عزت اللہ نامی شخص کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا تاہم 3اپریل 2020کو پولیس کی جانب سے عبدالسلامی نامی شخص کے قتل کے الزام میں عبدالکریم ، ہیبت خان اور جلیل احمد کو گرفتار کرکے چالان عدالت میں پیش کیا گیا ، گزشتہ روز عبدالسلام نامی شخص کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر عدالت نے تینوں ملزمان کو عمر قید اور 5لاکھ روپے ہرجانے کی سزا سنائی جو ملزمان مقتول کے ورثاء کو ادا کرنے کے پابند ہوں گے ، رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزمان بحراست رہیں گے ۔