|

وقتِ اشاعت :   May 4 – 2021

خضدار:نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو نے کہا ہے کہ خضدار میں امن و امان کی صورتحال دن بہ دن خراب ہوتی جا رہی ہے،پہلے اسٹر یٹ کرائم شہر میں عام تھے انہیں جن پر سنجیدگی سے نہیں سوچا گیا اب لوگوں کے قتل کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے،نیشنل پارٹی کے نوجوان کارکن عبدالصمد کرد کو دن دھاڑے شہید کیا گیا مگر پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی خضدار شہر میں امن و امان کو دوبارہ قائم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ شہر میں دوبارہ لیویز کو اختیارات دئیے جائیں

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خضدار میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا سابق صوبائی وزیر نے خضدار شہر میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خضدار شہر میں امن و امان کو قائم رکھنے میں پولیس بری طرح نا کام ہو چکی ہے پولیس کی ناکامی کی وجہ سے پہلے شہر میں موٹر سائیکلیں چوری و چھننے کی وارداتیں ہو رہی تھیں اب ملزمان کو مزید شہ مل گئی تو انہوں نے نہتے لوگوں کا قتل عام بھی شروع کر دیا گزشتہ روز نیشنل پارٹی کے دیرینہ رفیق عبدالصمد کرد کو دن دھاڑے نا معلوم ملزمان فائرنگ کر کے شہید کر دئیے اور بڑے دید ہ دلیری سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ پولیس صرف ہاتھ ملنے تک محدود ہو گئی ہے

انہوں نے کہا کہ 2007 ء میں بھی اسی طرح پہلے معمولی جرائم شروع ہو ئے انہیں کنٹرول نہیں کیا گیا بعد ازاں معاملہ قتل اور اغواء وغیرہ کے واقعات رونماء ہونے لگے یوں دیکھا دیکھی خضدار شہر کو قبرستان بنایا گیا آج پھر سے خضدار شہر میں بد امنی سر چھڑ کر بول رہی ہے مگر افسوس کسی کو اس متعلق کوئی فکر نہیں خضدار شہر میں بد امنی کی سب سے بڑی زمہ دار خضدار پولیس ہے جو شہر میں امن و امان کی کنٹرول کرنے کے لئے کوئی حکمت عملی طے نہیں کرتی اس لئے نیشنل پارٹی یہ سمجھتی ہے

کہ خضدار میں امن و امان کو مکمل بحال کرنے کے لئے یہ ضروری ہے کہ خضدار شہر کو دوبارہ لیویز فورس کے حوالہ کیا جائے لیویز فورس میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ خضدار میں مثالی امن قائم کر دے ماضی میں بھی جب خضدار کے حالات در نگو تھے تودیگر فورسیز کے ساتھ لیویز فورس کی بہترین حکمت عملی کی وجہ سے خضدار شہر میں قائم ہوا تھا انہوں نے پارٹی کارکن شہید عبدالصمد کرد کے قاتلوں کو گرفتار کر کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا

انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی امن اور ترقی پسند پارٹی ہے ہم بد امنی کے پے درپے واقعات پر خاموش تماشائی نہیں بنیں گے حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ خضدار میں بدامنی کے حالات کو کنٹرول میں لانے کے لئے لیویز کی تعیناتی کو یقینی بنائے کیونکہ لیویز ایک روایتی اور قبائلی فورس ہے جس کو کنٹرول کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے