|

وقتِ اشاعت :   May 6 – 2021

کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری نے گزشتہ روز بی این پی نصیر آباد کے صدر ڈاکٹر شاہ نواز مینگل کو ٹیلیفون کرتے ہوئے انہیں ڈیرہ مراد جمالی شہری ایکشن کمیٹی کے انتخابات میں وائس چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اورامید ظاہر کی کہ وہ ڈیرہ مراد جمالی کے باسیوں کودرپیش بنیادی مسائل کے حل کیلئے اور ان مسائل کو حکام بالا تک پہنچانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے،شہری ایکشن کمیٹی علاقائی مسائل کے حل کیلئے اہم کرداراداکرسکتی ہے اور کسی بھی علاقے میں بنیادی مسائل،پانی،سڑکیں،بجلی،گیس،امن وامان کی صورتحال،قومی شاہراہیں کہ نہ ہونے جیسے مسائل کے حل کیلئے علاقائی سطح پر شہری ایکشن کمیٹی کے قیام سے نہ صرف عوامی مسائل کے حل میں کمی آئے گی بلکہ نوجوانوں کو ایک بہترین پلیٹ فارم میسر ہوگا

جہاں وہ اپنے جوش اور جذبے سے علاقے کے مسائل حکمرانوں تک پہنچا سکے بلکہ اقتدار کے ایوانوں کو ان مسائل سے باخبر رکھ سکیں،ڈیرہ مراد جمالی آج سنگین مسائل سے دوچار ہیں پینے کا صاف پانی،بہترین سڑکیں، تعلیم،صحت اور دیگر سہولیات کے فقدان سے لوگوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے ایسے میں لوگوں کی اپنی مدد آپ کے تحت شہری ایکشن کمیٹی کا قیام اور اس میں ڈاکٹرشاہ نواز مینگل جیسے لوگوں کو بھاری ذمہ داریاں تفویض کرنے سے نہ صرف ان لوگوں بلکہ سیاسی جماعتیں اور شہری ایکشن کمیٹی مل کر شہر اور علاقائی مسائل کی بہترنشاندہی اور انہیں بہترانداز میں حل کئے جاسکتے ہیں،ہمیں امید ہے کہ ڈاکٹر شاہ نواز مینگل اپنے ووٹروں کے ان پر کئے گئے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان نیشنل پارٹی کا شروع سے موقف رہاہے کہ لوگوں کو درپیش بنیادی مسائل کے حل سے نہ صرف لوگوں کی زندگی کا گزر بسر آسان ہوگا بلکہ بنیادی مسائل کے حل سے صوبے کی ترقی کیلئے ایک زینہ ثابت ہوگا بلوچستان نیشنل پارٹی کا منشور ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائے۔