|

وقتِ اشاعت :   May 7 – 2021

کوئٹہ:  نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق صوبائی وزیر میررحمت صالح بلوچ نے سریاب روڈ واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی غنڈہ گردی کسی صورت قابل قبول نہیں،جن کو حکومت نے عوام کا محافظ بنایا اگر وہ معصوم شہریوں کو شہید کرے تو عوام کا اعتبار ہی اپنے محافظوں سے اٹھ جائے گا۔

اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہاکہ اس رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ایک نہتے بیگناہ نوجوان کو شہید کرکے انکے خاندان پر غم کا پہاڑ گرا دیا ہے ایسے واقعات نے ہمارے روایات کو مسخ کردیا ہے بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے نوجوانوں کا محنت لگن شامل ہیں مگر ان ہی نوجوانوں کو سرعام شہید کرکے ہم کیا پیغام دے رہے ہیں۔

اس وقت ہر شخص اس قتل کے بارے میں محو گفتگو ہے اور ایگل فورس کیلئے نفرت کا اظہار کر رہے ہیں یہ نفرت کا بیج ان کے کرتوتوں کی وجہ سے بویا جا رہا ہے سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت بلوچستان میں امن قائم ہوا ہے ان کی شب و روز کی محنت اور جہد وجہد سے عام آدمی کیلئے آسانیاں پیدا ہوئی ہے مگر ایگل فورس سیکورٹی فورسز کے محنت پھر پانی پھیر رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ حکومت لواحقین کو مکمل انصاف فراہم کرے اور واقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے۔