|

وقتِ اشاعت :   May 7 – 2021

خضدار: سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے میر داد محمد جتک کے جوان سال فرزند فیضان جتک کی شہادت پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ایگل فورس کے اہلکاروں کی بندوق سے چلنے والی فائر اور نوجوان کو بے دردی سے قتل و ان کے ساتھیوں کو زخمی کرنا دلخراش و دردناک واقعہ ہے۔

یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے کہ رونماۂوا ہے بلکہ اس طرح کے ہیبت ناک واقعات پے درپے رونماء ہورہے ہیں اور بے گناہ افراد کو شہید کیا جارہاہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ فورسز کی اصلاح اور ان کی تربیت پر نظر ثانی کرتے ہوئے ان کے صفوں کو درست اور ان میں عوام دوست سوچ کو ابھارنا چاہیئے۔

محافظین کی جانب سے اس طرح راہ چلتے لوگوں پر فائر کھولنے سے افراتفری بڑھے گی اور انارکی کا ماحول پیدا ہوگا۔ جوکہ کسی بھی طرح صوبہ اور اس میں بسنے والے لوگوں کے حق میں فائدہ مند ثابت نہیں ہوسکتا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ یہ کہاں کا انصاف اور تربیت ہے.

کہ نوجوانوں پر بیچ سڑک سرکاری رائفل سے فائر کرکے انہیں شہید و زخمی کیا جائے جو کہ ناقابل فراموش واقعہ ہے ملوث کردار کسی بھی طرح معافی کے قابل نہیں ہیں اور انہیں ان کے کیئے کی سزا فوری ملنی چاہیئے اور سانحہ سے دوچار خاندان کے ساتھ انصاف کا معاملہ ہونا چاہیئے۔ انہوں نے دعاء کی کہ اللہ تعالیٰ میر داد محمد جتک و ان کے خاندان کو یہ گہرا صدمہ برداشت کرنے و نوجوان فیضان جتک کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام نصیب عطاء فرمائے۔ آمین*