کوئٹہ:پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات محترمہ بشریٰ رند نے مرغی بازار چمن میں بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے انہوں نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا کہ صوبے کے پرامن ماحول کوخراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
چمن دھماکیمیں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ آئندہ ملک دشمن عناصر اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے امن کو خراب اور لوگوں میں خوف وہراس نہ پھیلائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی بحالی کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا کیونکہ ہماری فورسز اور عوام کی قربانیوں کی بدولت صوبے میں امن بحال ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیے گی۔ انہوں نے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔