کوئٹہ :صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے قلات خالق آباد کے متعلقہ حکام کو سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فلاح عامہ کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے صوبے کے عوام کی سہولت کیلئے شروع کئے ہیں۔ان منصوبوں کی شفاف اور بروقت تکمیل بے حد ضروری ہے۔
ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا کیونکہ ان منصوبوں میں قومی وسائل استعمال ہوتے ہیں۔عوام کے خون پسینے کی کمائی کے امین ہیں، کسی کو منصوبوں میں بے قاعدگی یا بے ضابطگی نہیں کرنے دیں گے۔ ڈلیو ر کرنے والے افسروں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔سرکاری فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی برتنے اور عوام کے مسائل حل نہ کرنے والے افسروں کی بازپرس ہوگی۔ تساہل اور کرپشن قطعاً برداشت نہیں کروں گا۔ کرپشن کے بارے میں زیروٹالرنس کی پالیسی جاری رہے گی۔
وزیر داخلہ نے قلات کے متعلقہ حکام کو ترقیاتی منصوبوں کیلئے جاری فنڈز کا بروقت استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کا بروقت استعمال نہ کرنے والے محکموں کی جواب طلبی ہوگی۔ فنڈز کے بروقت استعمال کو یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کا موثر نظام ضروری ہے۔ افسران فیلڈ میں نکلیں اور ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کو خود مانیٹر کریں۔
ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر پورا فوکس ہونا چائیے۔فنڈز کے بروقت استعمال سے عوام فلاح عامہ کے منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہوتے ہیں۔بعض محکموں کی جانب سے سست روی کا مظاہرہ قابل قبول نہیں۔وزیر داخلہ نے منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زبانی جمع خرچ کا وقت گزر چکاہے۔ تین برس میں سابق دور کی خرابیوں اور غلطیوں کو درست کیاہے۔نمائشی منصوبوں کی جگہ فلاح عامہ کے پراجیکٹس پر کام کیاہے۔سابق دور میں بلوچستان کے عوام پسماندگی اور غربت کی چکی میں پستے رہے۔سابق حکمرانوں نے بلوچستان کے عوام کو ترقی کے نام پر دھوکہ دیا۔