گوادر: نیشنل پارٹی کے وفد کی ضلعی صدر فیض نگوری صوبائی ورکنگ کمیٹی کے ممبر آدم قادربخش کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر گوادر میجر ریٹائرڈ عبدالکبیر خان زرکون سے ملاقات۔ نیشنل پارٹی کے وفد نے گوادر شہر سمیت نواحی علاقوں، جیونی اورپشکان میں آنکاڑہ ڈیم سے مضر صحت پانی کی فراہمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ آنکاڑہ ڈیم سے مضر صحت پانی کی فراہمی جاری ہے جو پینے کے قابل نہیں جس کی وجہ سے وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں۔
جس کے نتیجے میں سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بڑھ گیا ہے اگر مزید مضر صحت پانی کا استعمال جاری رہا تو صورت حال مزید بگڑ سکتی ہے۔ وفد نے اورماڑہ میں بھی پانی کی قلیل سپلائی کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ اورماڑہ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مشنری کو بہتر کرنے کے لئے فنڈز کی فراہمی کے باوجود پانی کی سپلائی بہتر نہیں ہوئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو شہر اور دیگر علاقوں میں مضر صحت پانی کی سپلائی کا احساس ہے جس کے پیش نظر دو دن کے اندر اندر آنکاڑہ ڈیم سے پانی کی سپلائی بند کرنے کے احکامات جاری کئے جائینگے اور گوادر سمیت نواحی علاقوں کو سوڈ ڈیم سے پانی فراہم کیا جائے گا جبکہ جیونی اور پشکان کو ایئرپورٹ کے مین پمپنگ اسٹیشن سے سوڈ ڈیم کا پانی ٹینکرز کے ذریعے سپلائی کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکریٹری بلوچستان گوادر کے دورہ پر پہنچ رہے ہیں۔
ان کو بھی اس حوالے سے آگاہ کرینگے تاکہ پائیدار منصوبہ بندی ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ اورماڑہ میں پانی کی سپلائی بہتر بنانے کیلئے پی ایچ ای کو ہدایات جاری کرینگے۔ وفد سابق میونسپل کمیٹی گوادر کے چیئرمین عابد سہرابی نیشنل پارٹی تحصیل جنرل سیکریٹری ولید مجید، خازن سید گوادری، سابقہ کونسلر عابد جمال اور بہرام بلوچ شامل تھے۔