کوئٹہ: بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن جیونی زون کا جنرل باڈی اجلاس زیرصدارت زونل آرگنائزر ماجدحمیدمنعقدہوا جس کے مہمان خاص تنظیم کے مرکزی سیکریٹری جنرل ماما عظیم بلوچ تھے جبکہ بی ایس گوادر زون کے صدر ابوبکر کلانچی،نائب صدر میرساقہ اقبال اور جنرل سیکریٹری سنیل بلوچ نے بطور اعزازی مہمانان شرکت کی۔
اجلاس میں تنظیمی امور،گوادرسمیت بلوچستان کے موجودہ سیاسی صورتحال،تنقیدی نشست اور آئندہ کے لائحہ عمل کے ایجنڈے شامل تھے۔مرکزی سیکریٹری جنرل بی ایس او ماما عظیم بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء سیاست رضاکارانہ عمل ہے جس میں فکری ساتھیوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔بی ایس او نے طلباء میں سیاسی سرکلنگ کے ذریعے شعورپیداکرکے انکو شعوری طور پرہمیشہ تیار کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ موجودہ وقت و حالات کے مطابق ہربلوچ طالبعلم سیاسی صورتحال کا بغور مطالعہ کرنے کے ساتھ ساتھ عملی طور پر سیاسی و جمہوری عمل کا حصہ دار ہوکر اس سرزمین کی خدمت میں اول دستہ کردار اداکرے۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں سوچھے سمجھے سازش کے تحت طلباء کو تعلیم سے محروم رکھا جارہا ہے۔