تربت: آل پارٹیز کیچ نے سانحہ پنجگور کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک دردناک اور سفاکانہ واقعہ قرار دے کر اس کی فوری انکوائری اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے، آل پارٹیز کیچ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چار سالہ بچے کو اتنی بے دردی اور سنگ دلی سے قتل کرنا نہ صرف بلوچی روایات اور اخلاقی آداب کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ عمل انسانیت کے خلاف بھی ایک مجرمانہ فعل ہے
اس لیے پنجگور کی ضلعی انتظامیہ سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس سفاکانہ عمل میں ملوث مجرموں کی فوری گرفتاری کے لیے تیزی سے کام کرے کیونکہ دو دن گزرنے کے باوجود ابھی تک پنجگور انتظامیہ ملزمان کو تلاش کرنے میں ناکام ہے جو قابل مذمت ہے، آل پارٹیز کیچ کے ترجمان نے کہا کہ بلوچ معاشرے اور بلوچی روایات میں ایسے سنگ دلانہ عمل کی اس سے قبل کوئی مثال مشکل سے ملتی ہے قدیم سے لے کر جدید بلوچی روایات اور کوڈ آف کنڈکٹ میں خواتین اور بچوں کو ہر معاملے میں ایک امتیاز حاصل رہی ہے۔
بلوچ روایات میں عورتوں اور بچوں کا احترام ایک مثال رہی ہے لیکن غیر اقوام کی روایات اب ہمارے خطے کو شدید متاثر کررہے ہیں کیونکہ بچوں پہ ستم اور عورتوں کی تزلیل ہمارے ہمسایہ اقوم کی تاریخ میں معمول کی بات ہیں اب ہمارا معاشرہ بھی بدقسمتی سے ہمسایہ اقوام کی روایات سے متاثر ہوکر اپنی برسوں پرانی اور قدیم روایات سے رو گردانی کررہی ہے جو افسوس کا باعث ہے، انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کیچ سانحہ پنجگور پر آل پارٹیز ایکشن کمیٹی پنجگور کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دلاتا ہے اور پنجگور کی نااہل ضلعی انتظامیہ سے پر زور مطالبہ ہے کہ وہ چار سالہ بچے کے بے رحم قاتلوں کی فوری گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کرے تاکہ متاثرہ فیملی کو انصاف مل سکے۔