گنداواہ: جھل مگسی کے ضلعی صدر مقام اور مرکزی تجارتی شہر گنداواہ میں جمعیت علماء اسلام اور پی ڈی ایم میں شامل سیاسی پارٹیوں بلوچستان نیشنل پارٹی، نیشنل پارٹی و دیگر کی جانب سے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی اور احتجاجی مظاہرہ و دھرنا دیا گیا۔
جس سے جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر مولانا مجیب الرحمن لاشاری، نائب امیر مولانا مہر اللہ ربانی، عبدالغفور حیدری اور بی این پی کے ضلعی صدر فیاض احمد لاشاری، شعیب احمد لاشاری، کامریڈ نثار احمد اور نیشنل پارٹی کے علی مدد مگسی نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ گنداواہ تحصیل کی آبادی بڑھ چکی ہے بجلی موجودہ دور میں زندگی کی بنیادی، شہری سہولت بن چکی ہے لیکن تحصیل گنداواہ کی لاکھوں عوام شدید گرمی میں بھی بجلی کی بندش سے پریشان ہیں فیڈر اوور لوڈ ہوچکا ہے لیکن عوام کے دیرینہ مسئلہ پر توجہ نہیں دی جارہی ہے۔
انھوں نے مطالبہ کیا کہ گنداواہ کو اووچ پاور یا پھر بھاگ گریڈ 132KVبجلی دی جائے بعد میں احتجاجی مظاہرین سے ایس پی جھل مگسی سبحان مگسی، اسسٹنٹ کمشنر گنداواہ وریندر لعل نے کامیاب مزاکرات کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ ایک ہفتہ کے اندر بجلی کے حوالے سے تحصیل گنداواہ کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔