|

وقتِ اشاعت :   September 21 – 2021

گوادر: گوادر کے لوگ لاوارث نہیں،عوام کے حقوق کا دفاع کریں گے، ہم بھی پاکستانی ہیں، بار بار کی شناخت اور تذلیل سے عوام تنگ آچکے ہیں۔30 ستمبرکو گوادر کے عوام کا تاریخی جلسہ ہوگا۔عوام اپنے گھروں سے نکلیں۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکریٹری مولانا ہدایت الرحمان اور دیگر نے بلال مسجد کے سامنے منعقدہ کارنر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کارنر جلسے میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئیانھوں نے کہا کہ گوادر کے عوام کو گزشتہ ستر سالوں سے صرف طفل تسلیاں دی گئیں۔ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا،ان کے وسائل پر قبضہ کیا گیا۔لیکن یہاں کے لوگوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے گئے، بدلے میں لوگوں کو کچھ بھی نہ ملا بلکہ انھیں صرف بار بار اپنی شناخت کرانی پڑتی ہے۔معصوم شہریوں سے کہا جاتا ہے کہ کہاں سے آئے ہو کہاں جارہے ہو۔

انھوں نے کہا کہ گوادر کے عوام اب لاوارث نہیں ان کے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے تحریک شروع کر دی ہے۔لوگوں کو اپنے جائز انسانی حقوق کے لیے متحد ہو کر جدو جہد کرنے کے لیے گھروں سے باہر نکلنا ہوگا۔اور30 ستمبر کے تاریخی جلسے میں شرکت کر کے اپنی یکجیتی ثابت کرنی ہوگی۔اس موقع پر محمد شریف میاں،شکیل کے ڈی، ماجد جوہر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔