|

وقتِ اشاعت :   September 22 – 2021

کوئٹہ: جاموٹ قومی موومنٹ کے سابق چیئرمین اور سابق نگران صوبائی وزیر شہید میر محمد مراد ابڑو کے فرزند جاموٹ قوم کے سربراہ سیاسی وقبائلی رہنما میر مجتبیٰ مراد ابڑو نے کہا ہے کہ نواب جام کمال خان عالیانی ایک جدی پشتی سیاست دان ہیں، ان کے آبا واجدادنے بھی بلوچستان میں سیاست کے میدان میں یہاں کے عوام کی خدمت کی ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے بدھ کے روز ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔میر مجتبیٰ مراد ابڑو نے کہا کہ وزیراعلیٰ جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جام کمال خان کے دور حکومت میں بلوچستان میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں، جو کہ ایک مثال ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی حکومت کی تین سالہ کارکردگی اورتاریخی اقدامات میںصوبے کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے باقاعدہ پالیسی کا نفاذکیا گیا۔

صوبے کے سیکنڈری اسکولوں میں 4406آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل شروع ہوا،878واٹر کورسز،361واٹر سٹوریج ٹینکس،162تالاب،87زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی سمیت 150گرین ٹینلز کو سولر سسٹم سے منسلک کیا گیا۔انہوںنے کہا کہ پہلا آل پاکستان وویمن ٹی 20کرکٹ لیگ کا انعقادبھی جام حکومت کے دور میں کیا گیا ،527ملین کی لاگت سے فاطمہ جناح ہسپتال میں مختلف سرجیکل یونٹوں کا قیام اور مختلف اضلاع کے ٹیچنگ ہسپتال میں ایڈ ہاک پر 1300ڈاکٹرز کی تعیناتی سمیت3921.00ملین کی لاگت سے بلوچستان کے ہائی ویز پر مرک ایمرجنسی سینٹرز کا قیام بھی شامل ہے۔ انہوںنے کہا کہ 2755ملین کی لاگت سے مختلف اضلاع میں 31نئے کالجز کی تعمیرکی گئی،بلوچستان بورڈآف ٹیکنکل و ووکیشنل ایجوکیشن ایکٹ 2020میں بہتری اور17سال بعد کوئٹہ میں میگا اسپورٹس ایونٹس جس میں چیف منسٹر بلوچستان گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ اور فٹ بال چمیپن شپ کا کامیاب انعقادکیاگیا۔

انہوںنے کہاکہ بلوچستان آرٹ کونسل ایکٹ 2018میں ترمیمی،سیاحتی مقامات مولہ چٹوک، پیر غائب اور زنگی ناوڑ کی تعمیرسمیت تمام میونسپل کمیٹیز میں61فٹبال گروانڈز کی تعمیرکی گئی،بلوچستان کے تمام پولیس اسٹیشنز میں ایف آئی آر سسٹم کی کمپیوٹرائزیشن پر منتقلی،100ملین کی لاگت سے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں ورکنگ وویمن ہاسٹلز کا قیام،تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیرعمل میں لائی گئی۔