|

وقتِ اشاعت :   September 22 – 2021

خضدار: خضدارلیویز فورس کی بڑی اور اہم کاروائی،فروٹ لیجانے والی مزدا ٹرک گاڑی کے خفیہ خانوں سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ، ایک ملزم گرفتار ، منشیات کی مقدار 780پیکٹس جب کہ عالمی مارکیٹ میں اس کی قیمت کروڑوں روپے بتائی جارہی ہے ۔اس کاروائی کے بعد ڈپٹی کمشنر خضدارمیجر(ر) بشیراحمدنے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج دوپہر کو لیویز فورس نے زاوہ چیک پوسٹ پر ایک مزدا ٹرک کہ جس میں فروٹ کوئٹہ سے کراچی لیجایاجارہا تھا اس فروٹ لیجانے والی مزدا ٹرک گاڑی کی تلاشی لی گئی تواس کے خفیہ خانوں سے بھاری مقدار میں چرس برآمد ہوئی جو کہ فروٹ کی آڑ میں کراچی سمگلنگ کیا جارہا تھا ۔

چرس کی مقدار 780پیکٹس ہے اس دوران لیویز فورس نے سمگلنگ میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کرلیا جو کہ گاڑی ڈرائیور ہے جب کہ دوسرا شخص فرار وہاں سے فرار ہوگیا ۔ڈپٹی کمشنر خضدار بشیراحمد کا کہنا تھا کہ لیویز فورس متحرک چاک وچوبند ہے اور خضدار کے حدود کو منشیات سمگلنگ کے لئے نو گوایربنا دیا ہے ۔ منشیات سمگلنگ کے مکروہ دھندے میں ملوث تمام افراد کو خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ منشیات سمگلنگ سے باز آجائیں ورنہ ان کوگرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا ۔ آج لیویز فورس نے خضدار میں زاوہ چیک پوسٹ پر تاریخی کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے جو بڑی کاروائی کی ہے اس پر میں ان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں لیویز فورس آئندہ بھی اسی طرح اپنی کاروائیاں جاری رکھے گی ضلعی انتظامیہ خضدار منشیات کی روک تھام کے لئے تمام تر وسائل اور کوششیں بروئے کار لا کر اقدامات عمل میں لارہی ہے منشیات کی سمگلنگ اور خرید و فروخت کو روک کر اپنی نسل کو تباہی سے بچانے کے لئے بھر پور اقدامات کیئے جارہیے ہیں۔

لیویز فورس کی یہ کاروائیاں ماضی میں جاری و ساری تھیں اور آئندہ بھی اسی طرح جاری رہیں گی۔قبل ازیں خضدارلیویز فورس نے منگل کے روز خضدار زاوہ چیک پوسٹ پرمزدا ٹرک کہ جس میں فروٹ بھر ا ہوا تھا جوکوئٹہ سے کراچی جارہی تھی ۔گاڑی کی تلاشی لی گئی تو اس کے خفیہ خانوں سے 780پیکٹ چرس کے برآمد ہوئے اس دوران مزدا ٹرک ڈرائیور نصراللہ ولد سراج الدین ساکن گلستان کوحراست میں لے لیا گیا جب کہ گاڑی میں سوار ایک اورشخص موقع سے فرار ہوگیا سمگلنگ کے لئے استعمال ہونے والی مزدا ٹرک نمبر این اے ای 712کوئٹہ نمبر کو بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

لیویز فورس کی یہ بہت بڑی کاروائی ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں منشیات قبضے میں لے لیا گیا ہے اس کاروائی میں زاوہ چیک پوسٹ کے لیویز انچارج اور دیگر لیویز اہلکاروں نے حصہ لیا ۔ ڈپٹی کمشنر خضدار کی جانب سے کامیاب کاروائی پر لیویز اہلکاروں کو داد تحسین پیش کیا گیااور کہا کہ لیویز فورس کی کامیابی کا یہ سلسلہ آئندہ بھی اسی طرح جاری رہیگااور کاروائی میں حصہ لینے والے لیویز اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی ۔