|

وقتِ اشاعت :   September 25 – 2021

کوئٹہ:  بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنمانوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ متحد ہونے میں ہی طاقت ہے، طلباکے اتحاد ،مسلسل سنجیدہ اور پرعزم جدوجہد کے نتیجے میں حکومت کو پسپا ہونا پڑا بلوچستان میں اس وقت جو بدحالی، محرومی اور کرپشن ہے یہ سب انتشار کی وجہ سے ہے، سیاسی جماعتیں چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں تقسیم ہیں یہ با ت انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہی ۔

نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے اپنے ٹوئیٹ میں طلباکیخلاف درج مقدمات واپس لینے کے حکومتی نوٹیفکیشن کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے اپنے حق کیلئے احتجاج کرنے والے طلباکیخلاف قائم مقدمات واپس لیے ہیں اس کی بنیاد طلباکامتحدہوکر جدوجہد کرنا ہے اور متحد ہونے میں ہی طاقت ہے ۔

نوابزادہ لشکری رئیسانی نے اپنے ایک اور ٹوئیٹ میں سراپا احتجاج طلباکی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہاکہ یہ نوجوان طلباو طالبات بلوچستان کے سیاسی و سماجی لوگوں کیلئے ایک مثال ہیں جن کے اتحاد ،مسلسل سنجیدہ اور پرعزم جدوجہد کے نتیجے میں ان کے معاملات حل ہونے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ باہمی اتحاد ہی تمام معلات کاواحد حل ہے بلوچستان میں اس وقت جو بدحالی، محرومی اور کرپشن ہے یہ سب انتشار کی وجہ سے ہے ، بلوچستان میں کوئی متحدہ آواز نہیں،یہاں سیاسی جماعتیں چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں تقسیم ہیں ،انہوں نے کہا کہ طلباکی متحد آواز کے نتیجے میں حکومت کا پسپا ہونا ایک مثال ہے تمام سیاسی جماعتیں اور سنجیدہ لوگ متحد ہوں تو بلوچستان کے بحران اور مسائل حل ہوسکتے ہیں۔