گوادر: سول سوسائٹی گوادر کی جانب ایکسیئن پبلک ہیلتھ کا نیشنل پارٹی کے نائب صدر نصیر نگوری کے ساتھ ہتک آمیز رویہ کیخلاف شہدائے جیونی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کیا۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر عابد رحیم سہرابی۔ نیشنل پارٹی کے صوبائی ورکنگ کمیٹی کے رکن آدم قادربخش، تحصیل نائب صدر نصیر احمد نگوری، جماعت اسلامی گوادر شہر کے امیر شکیل کے ڈی، پاکستان پیپلز پارٹی مکران ڈویڑن کے سکریٹری اطلاعات یوسف فریادی، سول سوسائٹی کے رہنما ماجد جوہر، شفیق آدم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانی شہریوں کی بنیادی حق ہے لیکن پانی طلب کرنے پر پبلک ہیلتھ کے ذمہ داران غنڈہ گردی پر اتر آتے ہیں۔ نصیر نگوری سمیت چھب ریکانی کے مکینوں کے ساتھ ایکسیئن پبلک ہیلتھ کا رویہ غیر مناسب تھا جسکی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اداروں میں بیٹھے افسران کسی کے دوست نہیںہوتے ہیں انکو صرف اپنی مفادات عزیز ہیں۔ ایکسیئن پبلک ہیلتھ لوگوں کے ساتھ اپنے رویہ کو درست کرلیں وگرنہ اپنے علاقے جاکر ڈیوٹی دیں۔ انہوں نے کہاکہ اداروں میں موجود افسران عوام کے خادم ہوتے ہیں لیکن وہ خود کو عوام کا حاکم سمجھ رہے ہیں۔ لیکن گوادر کے عوام اب متحدہوچکے ہیں اگر ان افسران نے عوام کے ساتھ اپنا رویہ درست نہیں کیا تو وہ عوامی سیلاب کے سامنے نیست و نابودہو جائینگے۔
انھوں نے کھاکہ ہمیں ایسا کوئی افسر نہیں چاہئے جو لوگوں کی عزت نفس کو مجروح کرے اور انکی تذلیل کرے ۔ انہوں نے کہاکہ پانی گوادر عوام سمیت چھب ریکانی، کیاقلات، تلافی کے لوگوں کا بھی بنیادی حق ہے جسے فراہم کرنا حکمرانوں اور متعلقہ افسران کی ذمہ داری ہے لیکن ضلعی انتظامیہ کے سربراہ کو بنیادی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے بلکہ وہ پلاٹوں کی بندر بانٹ میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکسیئن پبلک ہیلتھ کا فوری تبادلہ کیا جائے وگرنہ ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔