|

وقتِ اشاعت :   October 4 – 2021

کراچی:  امریکی حکومت جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی میں پبلک ہیلتھ کی دو سالہ ماسٹر آف سائنس ڈگری مکمل کرنے کیلیئے بلوچستان حکومت کے محکمہ صحت کے 33 عملداروں کو وظائف فراہم کر رہی ہے۔ امریکی قونصل جنرل مارک اسٹرو نے ایک تقریب کے دوران محکمہ صحت بلوچستان کے ان طلبا کا خیرمقدم کیا جوکہ صوبے میں وسط سطحی صحت عملدار ہیں۔

یو ایس ایڈ کی مالی معاونت سے چلنے والے اس پروگرام کو مکمل کرنے کے بعد یہ تربیت یافتہ منیجرز بلوچستان حکومت کو کوویڈ-19 اور صحت عامہ میں درپیش دیگر مسائل کا بہتر طریقے سے حل کرنے میں مددگار ثابت ہونگے۔اس موقع پر قونصل جنرل اسٹرو نے کہا “اس وبا نے صحت عامہ کو درپیش مسائل کا مقابلہ کرنے کیلئے صوبائی اور ضلعی سطح پر صحت کے محکمے سے وابستہ درمیانی سطح کے منیجروں کو تیار کرنے کی اہمیت کو عیاں کیا ہے۔ امریکہ کو بلوچستان کے محکمہ صحت کے ساتھ شراکت داری پر فخر ہے جس سے صحت عامہ کے پیشہ ور افراد کی صلاحیتوں کو مستحکم کرنے کے ساتھ پاکستانی عوام کی جانیں بچانے میں مدد ملے گی۔

“یہ وظائف بشمول بلوچستان پورے پاکستان میں صحت عامہ کی معاونت کے لیئے امریکی حکومت کی جانب سے کی جانے والی مسلسل کاوشوں کا حصہ ہیں۔ ان وظائف کے علاوہ یو ایس ایڈ بلوچستان ہیلتھ سیکرٹریٹ کے اندر صوبائی سطح پر بیماریوں کی نگرانی کے یونٹ، کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور بلوچستان بھر میں ضلعی سطح پر بیماریوں کی نگرانی کے 33 مراکز کے قیام کے ذریعے متعدی بیماریوں سے لڑنے میں بھی بلوچستان کے حکام کی معاونت کر رہا ہے۔ یو ایس ایڈ کی جانب سے محکمہ صحت کے اہلکاروں کوفوری ردعمل، بیماریوں کی روکتھام اور ان پر ضابطہ، گھر بیٹھے دیکھ بھال اور کرونا میں مبتلا شدید بیمار مریضوں کی آئی سی یو میں دیکھ بھال کرنے کی تربیت بھی دی گئی ہے۔حکومت بلوچستان کے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے سیکرٹری عزیز احمد جمالی نے یو ایس ایڈ کی معاونت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ بلوچستان بھر کے ہیلتھ کیئر منیجرز کے لیئے ایک نادر موقع ہے چونکہ انکے کے پاس عام طور پر صلاحیتوں میں بہتری لانے کے محدود مواقع ہوتے ہیں۔ تقریب میں وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح پوسٹ گریجوئیٹ میڈیکل کالج ڈاکٹر شاہد رسول اور ڈین اے پی پی این اے انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ، کراچی ڈاکٹر لبنیٰ بیگ نے بھی شرکت کی۔