|

وقتِ اشاعت :   October 4 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان لیبر فیڈریشن کے صدر خان زمان چیئرمین بشیر احمد سیکرٹری جنرل قاسم خان سینئر ناب صدر حاجی عزیز شاہوانی نائب چیئر مین نور الدین بگٹی مزدورو ملازم تنظیموں کے عہدیداروں و رہنماؤں عبدالمعروف آزاد عابد بٹ محمد عمر جتک ملک وحید کاسی ظفر خان رند دین محمد محمد حسنی عارف نچاری عبدالحمید چراغ فضل محمد عبداللہ مینگل حاجی غلام دستگیر اور دیگر رہنماؤں نے بیان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو حکومت کی نا اہلی اور بد ترین ناکامی قرار دیا ہے۔

انہو ں نے کہا کہ حکومت اور اسکے نا اہل حکمران وزراء اور درجنوں مشیر ملک کے غریب عوام مزدوروں و ملازمین پر مہنگائی کے پہاڑ گراکر بلوچستان سمیت ملک بھر میں ایک بڑے انقلاب کو ہوا دے ر ہے ہیں تبدیلی کے دعوے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے خواب ٹوڑ دیئے گئے ہیں اورموجودہ حکومت مکمل طور پر آئی ایم ایف ورلڈ بنک کی کاسہ لیسی پر اتر آئی ہے اداروں کی نجکاری ہزاروں خاندانوں کے معاشی قتل کا سبب بن رہی ہے ایسی صورتحال بلوچستان سمیت ملک بھر میں ایک بڑی مزدور اور عوامی تحریک کی متقاضی ہے ایسی نا اہل حکومت کی مثال ماضی میں نہیں ملتی آج کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں مزدور محنت کش و ملازمین اور غریب و سفید پوش طبقہ و شہری مہنگائی کے طوفان اور روزمرہ استعمال کی اشیاء میں بے تحاشہ اضافے کے باعث دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوچکے ہیں۔

موجودہ ماہانہ اجرت میں ملازمین و مزدوروں کا گزارہ انتہائی مشکل ہوگیا غریب ملازمین و مزدوروں کے بچے بنیادی سہولیات تعلیم صحت اور خوراک کی کمی سے دوچار ہورہے ہیں حکومتوں کی ناقص پارلیسیوں اور اسکے اداروں کی ملی بھگت سے مہنگائی کرکے عوام اور محنت کش طبقے کا خون نچوڑا جارہا ہے غریب عوام خودکشیوں پر مجبورہیں بلوچستان حکومت دیگر صوبوں کی طرح کم سے کم اجرت کے قانون پر عمل درآمد پر عمل نہیں کررہی بلوچستان میں محنت کش طبقہ اور مزدوروں کے آئینی اور قانونی حقوق سلب کئے جارہے ہیں بلوچستان سمیت ملک بھر میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے اسکے باوجود پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ بڑھکتے شعلوں کو ہوا دینے کے مترادف ہے بلوچستان سمیت ملک بھر کے عوام مزدوروں اور ملازمین میں موجودہ حکومت اور نا اہل حکمرانوں کی پالیسیوں کیخلاف شدید غصہ پایا جاتا ہے