گوادر: این ایل سی نے کاروباری برادری کی سہولت کے لیے گوادر میں دفتر قائم کردیا۔ تفصیلات گوادرمیں کاروباری برادری کو سامان کی ترسیل کے لئے معیاری خدمات فراہم کرنے اور کاروبار میں آسانی کو یقینی بنانے کے لیے نیشنل لاجسٹکس سیل (این ایل سی) نے گوادر پورٹ پر دفتر کھول دیا۔ گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے) کے چیئرمین نصیر احمد کاشانی نے بزنس کمپلیکس گوادر پر منعقدہ ایک تقریب میں این ایل سی کارپوریٹ آفس کا افتتاح کیا۔
تقریب میں اعلیٰ حکومتی عہدیداروں اور مقامی کاروباری افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ این ایل سی نقل و حمل سے وابستہ ملک کا پہلا ادارہ ہیجس نے گوادر کے مقام پر یہ سہولت قائم کی ہے۔ اس اقدام کی بدولت بندرگاہ سے بذریعہ سڑک سامان کی ترسیل میں تاجروں کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ دفتر برآمد درآمد کنندگان کنندگان کو نقل و حمل کے حوالے سے سہولت مرکز کے طور پر کام کرے گا۔ بندرگاہ پر جہازوں کی آمد میں متوقع اضافے کی وجہ سے کارگو کی بروقت ترسیل کے لیے لاجسٹک سروسز کے ایک متحرک نظام کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔
این ایل سی کی جانب سے سہولت مرکز کا قیام ترسیل کے موثر نظام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ اپنے وسائل بروئے کار لانے کے علاوہ این ایل سی درآمد و برآمدکنندگان نقل و حمل کے دوسرے اداروں کے درمیان رابطے کا ذریعہ بھی بنے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نے اس پیش رفت کو گوادر پورٹ کے آپریشنل کرانے کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ این ایل سی کے پاس کاروباری برادری کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے مطلوبہ صلاحیت اور وسائل موجود ہے۔ بندرگاہ پر بڑھتی ہوئی سرگرمیوں سے کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہونگے جس سے صوبے کی عوام کی میعار زندگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔