گوادر: گوادر میں بجلی کے بحران کے مستقل حل کے لئے منصوبہ بندی شروع کی گئی ہے۔ مکران کو قومی گرڈ سے ملانے کا منصوبہ دوسال میں مکمل کیا جائے گا۔ گوادر شہر میں بجلی کی فراہمی کے لئے زیر زمین کیبلنگ کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار کیسکو بلوچستان کے سی ای او انجینئر محمد عارف نے گزشتہ روز گوادر میں کھلی کچہری سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔
کھلی کچہری میں صارفین کے علاوہ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سی ای او کا کہنا تھا کہ گوادر شہر میں بجلی کی فراہمی کو مستحکم اور پائیدار بنانے کے لئے منصوبہ بندی کی گئی ہے جس کے تحت گوادر شہر میں زیر زمین کیبلنگ کی جائے گی اسلام آباد کے گوادر وہ واحد شہر ہوگا جہاں یہ منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مکران میں بجلی کے بحران سے بچنے کے لئے اسے قومی گرڈ سے ملانے کا منصوبہ بھی روبہ عمل ہے جو کم انکم دوسال کی مدت میں مکمل ہوگا جبکہ گوادر شہر میں تین سو میگاواٹ کے حامل کوئلہ کے بجلی گھر کے قیام کا منصوبہ پر بھی جلد کام کا آغاز ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیچ میں ورکشاپ کے قیام کی منظوری بھی دی گئی ہے جو بہت جلد قائم کیا جائے گا۔
اْنہوں نے کہا کہ گوادر میں بجلی کے بحران سے نمٹنے کے لیئے بجلی کے ٹرانسفارمر اور کھمبے بھی فراہم کئے جائینگے تاکہ صارفین کی شکایات کا ازالہ ممکن ہوسکے۔کھلی کچہری میں نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر فیض نگوری، پی پی پی کے رہنماؤں اعجاز حسین، یوسف فریادی، محمد بزنجو اور گوادر ماہی گیر اتحاد کے رہنماء غفور ساجد نے گوادر شہر، مضافاتی علاقے اور جیونی میں بجلی کے بحران سے ان کو آگاہ کرتے ہوئے اپنے تجاویز پیش کئے۔ سی ای او کیسکو نے بجلی کے بحران کو ختم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لانے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے جیونی میں بجلی کے بحران اور کھلی کچہری میں موجود صارفین کے شکایات کے ازالہ کے لئے موقع پر حکم صادر کیا۔ علاوہ ازیں کیسکو کے سی ای او نے ایکسئین کیسکو گوادر امیر علی بگٹی سمیت نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر فیض نگوری، پی پی پی کے رہنماء اعجاز حسین کے ہمراہ شہر کے ٹرانسمیشن لائن کا بھی معائنہ کیا۔