کوئٹہ: ایران پاکستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اور زاہدان ایران چیمبر آف کامرس انڈسٹری مائنز اینڈ ایگریکلچر کے صدر عبدالحکیم ریگی میرجاوی نے چیمبر آف کامرس کے نومنتخب صدر فدا حسین دشتی ، سینئر نائب صدر محمد ایوب میریانی ، نائب صدر امجد علی صدیقی ایڈووکیٹ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب عہدیداران پاکستان اور ایران کے تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اپنی توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔
اس سلسلے میں انہوں نے گزشتہ روز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فدا حسین دشتی و دیگر عہدیداران اور ممبران کے نام بھیجے گئے مبارکبادی خطوط میں امید ظاہر کی ہے کہ وہ صنعتی و تجارتی تعلقات کو بلندیوں تک لے جانے کے لئے کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان نے روز اول سے ہی صنعت و تجارت کے فروغ کے لئے کردار ادا کیا ہے بلکہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ مستحکم ہوتے تجارتی تعلقات بھی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران و ممبران کی مرہون منت ہے ۔