کو ئٹہ: نیشنل پارٹی کے سینیٹر کبیر محمد شہی،مرکزی رہنما و سابق صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ اور سیاسی و سماجی شخصیت نوابزادہ ہمایوں جوگیزئی نے کہا ہے کہ صنعت و تجارت کی ترقی کیلئے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے،قانونی تجارت کا فروغ صوبے میں معاشی ترقی کے اہداف کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوں گے،پیداواری شعبہ جات کو ترقی دئیے بغیر بے روزگاری کے چیلنج سے نمٹنا ممکن نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے نو منتخب صدر فدا حسین دشتی اور سنیئر نائب صدر محمد ایوب مریانی کو مبارکباد دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی اور سنیئر نائب صدر محمد ایوب مریانی و دیگر نے سینیٹر کبیر محمد شہی، رحمت صالح بلوچ ،نوابزادہ ہمایوں جوگیزئی و دیگر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی آمد سے ان کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے وہ صوبے میں قانونی تجارت کے فروغ اور اس سلسلے میں درپیش مشکلات کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دینے کیلئے صنعت و تجارت کو ترقی دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔سنیٹر کبیر محمد شہی،رحمت صالح بلوچ اور نوابزادہ ہمایوں جوگیزئی نے گزشتہ روز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان آکر نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ نومنتخب عہدیداران اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبے میں صنعت و تجارت اور دیگر پیداواری شعبہ جات کی ترقی اور ان سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کریں گے،انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں روزگار کے مواقع انتہائی محدود ہیں اسی لئے یہاں بیروزگاری سب سے بڑاچیلنج ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیروزگاری کی وجہ سے بلوچستان میں غربت اور پسماندگی کی شرح سب سے زیادہ ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ بلوچستان میں صنعت و تجارت،زراعت،گلہ بانی ،کان کنی و دیگر کو ترقی دی جائے اس سے ناصرف ملک اور صوبے میں معاشی خوشحالی آئے گی بلکہ لوگوں کے معیار زندگی میں بھی بہتری آئے گی،انہوں نے کہا کہ کہ صنعت و تجارت کی ترقی کیلئے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے،قانونی تجارت کا فروغ صوبے میں معاشی ترقی کے اہداف کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوں گے،پیداواری شعبہ جات کو ترقی دئیے بغیر بے روزگاری کے چیلنج سے نمٹنا ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں بلوچستان میں بزنس دوست پالیسیوں کے لئے ہر ممکن کردارادا کریں گی بلکہ نیشنل پارٹی صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے بزنس کمیونٹی اور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے تجاویز اپنے انتخابی منشور میں شامل کرے گی۔