|

وقتِ اشاعت :   October 21 – 2021

کراچی: ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی اور سینئر نائب صدر محمد ایوب مریانی سمیت دیگر نے گزشتہ روز کراچی میں ڈائریکٹر جنرل ویلیو ایشن سے کسٹم ہائوس کراچی میں ملاقات کی اور ان سے اسکریپ ویلیوایشن سے متعلق امپورٹرز کے خدشات اور تحفظات سے انہیں آگاہ کیا ۔

ملاقات کے دوران چیمبر آف کامرس کے صدر اور سینئر نائب صدر نے اسکریپ کی درآمدی سے وابستہ امپورٹرز کی بھر پور نمائندگی کرتے ہوئے ڈی جی ویلیوایشن پر واضح کیا کہ اسکریپ کے درآمدی شعبہ سے وابستہ افراد کے لئے ٹیکس ویلیوایشن میں ریلیف وقت کی اہم ضرورت ہے اس کے بناء اس شعبے کی ترقی ممکن نہیں ہے اس سلسلے میں فوری اقدامات امپورٹرز کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کیاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چیمبر آف کامرس کوئٹہ بلوچستان روز اول سے ہی قانونی تجارت کے لئے کوشاں ہے۔

بلکہ ہماری ہی کوششوں سے صنعت و تجارت ، درآمدی و برآمدی شعبہ جات سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد ٹیکس دہارے میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں اس سلسلے میں چیمبر آف کامرس اب بھی بھر پور کردار ادا کرنے کے لئے ہمہ وقت تیارہے اس وقت موقع پرڈائریکٹر جنرل ویلیوایشن نے چیمبر آف کامرس کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی اورسینئر نائب صدر محمد ایوب مریانی کی قیادت میں ملنے والے اسکریپ امپورٹرز کے وفد کو اسکریپ ویلیوایشن سے متعلق مسئلے کی فوری حل کی یقینی دہانی کرائی اور کہا کہ اس سلسلے میں ایسے احکامات جاری کئے جائیں گے جو اسکریپ امپورٹرز سمیت دیگر کے لئے قابل قبول ہوں گے ۔ ڈی جی ویلیوایشن نے چیمبرز کی صنعت و تجارت کی ترقی اور ملکی اور صوبائی معیشت میں خدمات کو سراہا ۔