چمن : پاک افغان سرحد کی بندش کے خلاف چمن میں آل پارٹیز تاجر و لغڑی اتحاد کی جانب سے مکمل شٹرڈائون ہڑتال کی گئی جس کے دوران تمام کاروباری و تجارتی سرگرمیاں معطل رہی ۔ آل پارٹیز تاجر اتحاد کی جانب سے گزشتہ روز پریس کانفرنس کے ذریعے احتجاج کی کال دی تھی جس میں پہلے مرحلے میں چمن شہرمیں مکمل شٹر ڈائون ہڑتال تھا جس کے بعد کوئٹہ چمن شاہراہ کو 25 اکتوبر کو درہ خوجک کے مقام پر ہرٹریفک کیلئے بندکیاجائے گا۔
آل پارٹیز تاجر ولغڑی اتحاد کے رہنمائوں مظلوم اولسی تحریک کے صدر حاجی عبدالرازق خادم، انجمن تاجران کے ضلعی صدر عبدالصادق اچکزئی ،جماعت اسلامی کے ضلعی امیر قاری امداد اللہ ، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ضلعی صدر ڈاکٹر رفیع اللہ اچکزئی،لغڑی اتحاد کے غوث اللہ،امیرمحمد، اہل سنت والجماعت مولوی عبدالخالق سنی، بلال زئی قومی اتحاد صدیق بلال، بس وکوچ ٹرانسپورٹ یونین پہلوان،قصاب یونین نادر قصاب،پشتون گرینڈ جرگہ پشتون ایکشن کمیٹی عبدالقدوس آزاد،چیمبرآف کامرس،بلوچستان عوامی پارٹی حاجی لالاجان اچکزئی اورحاجی محمدہاشم اچکزئی نے شٹر ڈائون ہڑتال کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پاک افغان سرحد کی بندش کے باعث چمن شہرمیں بے روزگاری انتہائی حد تک بڑھ چکی ہے کیونکہ چمن کے شہریوں کی روزگار کا دار ومدار پاک افغان سرحد سے وابستہ ہے۔
جس کی بندش سے تاجروں کو اربوں روپے کا نقصانات ہورہاہے جبکہ سرحد کی بند ش سے افغانستان کے مسافروں کی بڑی تعداد چمن شہرمیں پھنس چکی ہے جو بے یار ومددگارکھلے آسمان تلے پڑے ہوئے ہیں اور وہ شدید سردی میں پاک افغان سرحد کے کھلنے کے انتظار میں باب دوستی کے قریب بیٹھے ہوئے ہیں جبکہ سرحدکو تاحال بند ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ پاک افغان شاہراہ کو مکمل بندکرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایاجائے گا جبکہ طالبان کی جانب سے جو مطالبات رکھے گئے ہیں وہ ہمارے مطالبات ہیں کیونکہ پاک افغان سرحد پر پیدل آمدورفت میں رکھے گئے تمام شرائط ختم کرکے مسافروں کو آنے جانے دیاجائے اوران کو آزادانہ طورپر آنے دیاجائے کیونکہ ان میں زیادہ تر مریض شامل ہے اور اس کے ساتھ ساتھ پاک افغان سرحد پر چمن کے چھوٹے تاجر افغانستان ویش منڈی جاکر اپناکاروبارکررہے ہیں اور آج شٹر ڈائون ہڑتال کرنے کے بعد بھی ہمارے مطالبات نہیں مانے گئے تو اس کے بعد 25 اکتوبر کو کوئٹہ چمن شاہراہ کومکمل طورپر بند کردیں گے ۔