|

وقتِ اشاعت :   October 23 – 2021

پشین +زیارت+میزئی اڈہ +کوہلو : پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل سیاسی جماعتوں کے رہنمائوںنے کہا ہے کہ ملک میں بدترین مہنگائی، بیروزگاری ہر شعبہ زندگی میں عوام کو درپیش مشکلات نے غریب عوام کو فاقہ کشی پر مجبور کردیا ہے اور سلیکٹڈ حکومتیں غریب عوام کو زندگی کے کسی بھی شعبے میں ریلیف دینے ناکام ہوچکی ہیں بلکہ ان سلیکٹڈ حکومتوں کی عوام دشمن پالیسیوں اور عوام دشمن اقدامات نے غریب عوام کی قوت خرید ختم کرکے رکھ دی ہے اور سلیکٹڈ وزیر اعظم کے نام نہاد دعوے عملی طور پر غلط ثابت ہوچکے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار پی ڈی ایم کے زیر اہتمام جاری احتجاجی تحریک کے سلسلے میں پشین بازار میں احتجاجی مظاہرے سے پشتونخوامیپ کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان، حاجی عبدالحق ابدال، جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر مولوی عزیز اللہ حنفی ، جنرل سیکرٹری سید حاجی مطیع اللہ آغا، مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر سعد اللہ ترین اور مفتی نعمان ، زیارت شہر میں احتجاجی جلسے سے جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر مولوی نور الحق ، صاحبزادہ محب اللہ ، مولوی نور احمد شاہ ، پشتونخوامیپ کے ضلعی سینئر معاون سیکرٹری شاہ زمان خان ، سردار میروائس خان سارنگزئی ، نور محمد خان پانیزئی، انجمن تاجران کے صدر عبدالمنان ، مولوی جلال الدین ، قبائلی رہنماء حاجی عبدالکریم پانیزئی، میزئی اڈہ میں احتجاجی جلسے سے جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیرمولوی فتح محمد ، مولوی سراج الدین ، پشتونخوامیپ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری علائوالدین کولکوال ، ملک عبید اللہ کاکڑ، مسلم لیگ ن کے نائب صدر عبدالوارث خان ، احمد جان او رکوہلو میں احتجاجی مظاہرے سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے صدر ملک گامن خان مری ، نیشنل پارٹی کے رہنماء محراب بلوچ، پشتونخوامیپ کے ضلعی سیکرٹری جمعہ خان زرکون ، جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر مولانا محمد امین قیصرانی ، عوامی اتحاد پارٹی کے نوریز مری اور فلاحی تنظیم شیرانی آرگنائزیشن سے عبدالرحیم مری نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مذکورہ بالا شہروں میں احتجاجی مظاہرے منعقد کیئے گئے اور شہروں کے مختلف شاہراہوں پر گشت کرتے ہوئے مہنگائی ، بیروزگاری اور سلیکٹڈ حکومتوں کے عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی گئی ۔

مقررین نے کہا کہ موجودہ سلیکٹڈ حکومتوں نے زر وزور اور بدترین دھاندلی کے ذریعے ملک کے اقوام وعوام پر مسلط ہوکر پہلے دن سے عوام دشمن اقدامات کرتے ہوئے آج تک زندگی کے کسی بھی شعبے میں عوام کو ریلیف نہیں دیا ہے ۔ کروڑوں نوکریوں اور لاکھوں مکانات سمیت سلیکٹڈ وزیر اعظم اور ان کے نام نہاد وزراء اور نام نہاد حکومتوں کے تمام دعوے غلط ثابت ہوچکے ہیں اور ان کے پاس عوام کی فلاح و بہبود ترقی وخوشحالی کیلئے کوئی منصوبہ نہیں ۔ اوردن رات میڈیا کے ذریعے دروغ گوئی ، غلط بیانی اور الزام تراشی کے ذریعے ماضی کے حکومتوں کی غلطیوں کا بہانہ لیکر عوام کو ہر سطح پر دھوکہ دینے میں مصروف ہے اور ان کے تمام ترجمان آج تک اپنے حکومت کی کارکردگی بیان نہ کرسکے۔ جبکہ دوسری طرف ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری کئی سو گنا اوپر جاچکی ہے ۔ پیٹرول ، ڈیزل ، بجلی، گیس ، آٹا ، خوردنی اشیاء سمیت ہر چیز کی قیمتیں غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں۔ ملک کی زرعی پیداوار 50فیصد کم ہوچکی ہے اور صنعتی پیداوار ماسوائے مینوفیکچرنگ کے بھی 50فیصد کم ہوچکی ہے اور روپے کی قدر 70فیصد کم ہوچکی ہے ہر علاقے میں عوام کے سرومال کا تحفظ نہیں لاقانونیت بدامنی ،چوری ڈکیتی کا راج ہے عوام کی زمینوں پر قبضہ گیری ،منشیات فروشی ، اغواء کاری اور قتل وغارت میں ملوث عناصر کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے اور ان سلیکٹڈ حکومتوں اوران کے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی نااہلی اور عوام دشمن عناصر کی سرپرستی کرنے کے باعث حکومتی رٹ ختم ہوچکی ہے جو ناقابل برداشت اور قابل گرفت ہے۔

مقررین نے کہا کہ پی ڈی ایم کے زیر اہتمام مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف جاری احتجاجی تحریک ملک کے غریب عوام کو اس سنگین صورتحال سے نجات دلانے کیلئے جاری رہیگی۔دریں اثناء پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا صوبائی اجلاس جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع کی زیر صدارت جمعیت علماء اسلام کے صوبائی دفتر میں منعقد ہوا۔ جس میں پشتونخوامیپ کے عبدالرحیم زیارتوال، عبدالقہار خان ودان ،نیشنل پارٹی کے عبدالخالق بلوچ، خیر بخش بلوچ ، مسلم لیگ ن کے جمال شاہ کاکڑ ،نسیم اللہ خان اچکزئی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے عبدالنبی مری ، موسی جان بلوچ، جمعیت علماء اسلام کے مولانا سرور موسیٰ خیل ، شاکرکاکڑ، قومی وطن پارٹی کے سمیع اللہ لونی، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے مولانا حزب اللہ عثمانی اور مولوی خورشید احمد ، یحییٰ خان ناصر ، مولوی عبدالخالق مری ، میر عثمان بادینی نے شرکت کیں۔ اجلاس میں صوبائی پی ڈی ایم نے مرکزی سطح پر مولانا فضل الرحمن صاحب کی پریس کانفرنس اور اعلان کی روشنی میں مختلف امور پر بحث کرتے ہوئے فیصلے کیئے گئے۔ اجلاس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک پر مسلط نااہل ناکام سلیکٹڈ حکومت کے ہاتھوں ملکی تاریخی کی بدترین مہنگائی نے ملک کے 22کروڑ عوام کو خودکشیوں پر مجبور کیا ہے۔

ملکی کرنسی کی قدر میں مسلسل کمی سے بیرونی قرضوں کا حجم بڑھ رہا ہے اور ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے صرف یہی نہیں اس نااہل ناکام حکومت کے ہاتھوں زرعی پیداوار تقریباً 50فیصد کم ہوگئی ہے اور صنعتی پیداوار میں سخت ترین کمی سے ملکی معیشت کا بھتہ بیٹھ گیا ہے اور اسی طرح ملک عالمی طو ر پر تنہائی سے دوچار ہے بدامنی لاقانونیت چوری ڈکیتی کے واقعات روز کا معمول بن گئے ہیں جبکہ ملک کو چلانے اور ہر طرح کے بحرانوں سے نکالنے کیلئے پی ڈی ایم کا 26نکاتی اعلامیہ ہی اس کا حل ہے ۔ اجلاس میں ملک پر مسلط مہنگائی کے خلاف صوبائی پی ڈی ایم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر ضلع میں کم سے کم ہفتے میں 2مظاہرے کیئے جائینگے اور ساتھ ہی تحریک کو مزید وسعت دی جائیگی اور کوئٹہ میں ہر روز احتجاجی مظاہرہ ہوگا اور اس طرح ضلع چمن میں روزانہ کی بنیاد پر مظاہرے ہونگے ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 25اکتوبر کو کچلاغ میں احتجاجی مظاہرہ ہوگا مظاہرے کا انتظام جمعیت علماء اسلام کی ذمہ داری ہوگی اور 26اکتوبر کو پشتون آباد میں مظاہرہ ہوگا جس کی ذمہ داری پشتونخوامیپ کی ہوگی اسی طرح 27اکتوبر کو سریاب میں مظاہرہ ہوگا جس کی ذمہ داری بلوچستان نیشنل پارٹی اور نیشنل پارٹی کی ہوگی جبکہ 28اکتوبر کا مظاہرہ پریس کلب سے روانہ ہوگا جس میں پی ڈی ایم کے صوبے سے تعلق رکھنے والے مرکزی قائدین شرکت کرینگے ۔ بیان میں بدترین مہنگائی ،بیروزگاری اور سلیکٹڈ حکومت کی عوام دشمن کارروائیوں کیخلاف پی ڈی ایم کی احتجاجی تحریک میں شامل ہونے کیلئے تمام عوام سول سوسائٹی ،انجمن تاجران ، طلباء ، مزدوروں ، وکلاء ، ٹرانسپورٹروں سمیت ہر مکتبہ فکر سے شریک ہونے کی اپیل کی گئی ہے ۔