|

وقتِ اشاعت :   October 24 – 2021

خضدار :  پی ڈی ایم کے مرکزی کال پر بی این پی، این پی، جییوآئی، پی ایم ایل (این) کے زیرِ اہتمام خضدارمیں مہنگائی بیروزگاری اور نااہل مرکزی و صوبائی حکومت کے عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف تیسرے روز بھی احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ احتجاجی ریلی کی قیادت پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے قائدین بی این پی کے ضلعی صدر شفیق الرحمٰن ساسولی، نیشنل پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری میراشرف علی مینگل، جمعیت علماء اسلام کے نائب امیر مفتی عبدالقادر شاہوانی، پی ایم ایل (این) کے رہنماء عبدالواحد موسیانی، انجمن تاجران کے صدر حافظ حمید اللّہ مینگل کررہے تھے۔

ریلی میں پی ڈی ایم کے کال پر خضدار کے غیور عوام سمیت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل جماعتوں بی این پی، این پی، جے یوآئی، پی ایم ایل این کے کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ریلی میں شریک کارکنان نے ہاتھوں میں پارٹی پرچم اٹھائے ہوئے تھے، مظاہرین نے مہنگائی، بیروزگاری اور نااہل حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ احتجاجی ریلی سدا بہار ہوٹل سے متصل این پی کے ضلعی دفتر سیشروع ہوکر شہر کے مختلف اہم شاہراہوں سے ہوتے ہوئے جیلانی چوک پر جلسہ کی شکل اختیار کی۔مظاہرین سے زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالوہاب غلامانی، انجمن تاجران کے رہنماء آغا سمیع اللہ شاہ،مزدور اتحاد کے رہنماء حمید کھیازئی، جمعیت علماء اسلام تحصیل خضدار کے نائب امیر مولانا محمودالحسن قمر ، پی ایم ایل این کے رہنما ٹکری خلیل الرحمان گرگناڑی،بی این پی ضلع خضدار کے صدر شفیق الرحمٰن ساسولی، نیشنل پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری میراشرف علی مینگل نے خطاب کیا۔

اسٹیج سیکرٹری کے فرائض نیشنل پارٹی کے سنگت علی اکبر نے سرانجام دیئے۔این پی کے رہنماء ناصر کمال بلوچ نے قراداد پیش کی۔میڈیا سیل کی زمہ داری بی این پی کے ضلعی نائب صدر نوراحمد میراجی، عبدالغنی عمرانی، نور مینگل، ظاہر عالیزئی، ٹکری بشیراحمد مینگل، محمد افضل نوتانی، محمد یعقوب مردوئی، کامران مینگل، نیشنل پارٹی کے سنگت غلام مصطفے، محمدیوسف مینگل، بلال ولی مینگل، جمعیت کے سنگت عبدالحفیظ، ہدایت اللہ، مولانا بلال احمد، احمد گزگی، عبدالودود رئیسانی, مولانا بشیراحمد عثمانی نے سرانجام دیئے۔ مولانا قمرالدین نے آخری کلمات اداکئے جبکہ مولانا محمد اسحاق شاہوانی نے دعاکی۔

بی این پی کے لیبر سیکرٹری علی احمد شاہوانی نعرہ لگاکر مظاہرین کو مزید پرجوش کرتے رہے مقررین نے مہنگائی، بیروزگاری اور نااہل حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی مزید انکا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں یہ بدترین مہنگائی بھی تبدیلی سرکار کے سر جاتا ہے۔ موجودہ حکمران عوام کے ہرگز خیرخواہ نہیں ہفتہ وار مہنگائی کرکے عوام کو دو وقت کی روٹی سے محروم کردیا ہے۔ پی ڈی ایم کی قیادت میں عوام ان نااہل حکمرانوں سے جان چھڑانے کیلئے سڑکوں پر نکل آئی ہے۔ پی ڈی ایم قیادت ان جعلی اور نااہل حکمرانوں سے ملک کو آزاد کرکے ملکی معیشت کو بہتر کرکے عوام کو انکی بنیادی حقوق دلواتے ہوئے حقیقی حکمرانی کا حق ادا کرے گی۔