|

وقتِ اشاعت :   November 1 – 2021

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہ اہے کہ وزیراعظم عمران بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر ایک کروڑ افراد کے لیے براہ راست بڑے پیکج کا اعلان کریں گے۔

اسلام آباد میں تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گِل کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے انہوں نے کہا کہ بڑے پیکج کا اعلان بہت جلد متوقع ہے۔

 

شہباز گل نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ توقع ہے کہ وزیراعظم آئندہ چند روس میں قوم سے خطاب کریں گے تاکہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال پر عوام کو اعتماد میں لیں گے اور پیکج کی تفصیلات بتائیں۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے گزشتہ ماہ پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے اضافے کی منظوری کے بعد سے حکومت کو اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔

مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی (پی پی پی) سمیت بڑی اپوزیشن جماعتوں نے ملک گیر ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے کیے ہیں۔

گزشتہ ماہ منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر اسد عمر نے اجناس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں میں ’فوری ریلیف‘ کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ عالمی قیمتوں میں ’غیر معمولی اضافے‘ کو معمول کی جانب لے جانے میں کم از کم 5 ماہ لگ سکتے ہیں۔

 

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے فواد چوہدری اور وزیر ریلوے اعظم سواتی کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے معاملے پر اور چیف الیکشن کمشنر کے خلاف بیان بازی پر وزیر اطلاعات نے اس اقدام کو ’غیر منصفانہ‘ قرار دیا۔

شہباز گل نے بھی کہا کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی بشمول وزیراعظم نے اس معاملے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا اور جمہوریت میں ہر شخص کو اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا حق حاصل ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ آئندہ انتخابات میں بلدیاتی نمائندوں کا انتخاب براہ راست انتخابات کے ذریعے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک اور وعدہ ہے جو وزیر اعظم اور پی ٹی آئی پورا کر رہی ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران نے اس سلسلے میں پوری پارٹی کو متحرک ہونے کی ہدایت کی تھی۔

 

انہوں نے کہا کہ پارٹی نے پنجاب میں امیدواروں کی نامزدگی کا عمل شروع کر دیا ہے اور خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ اور دیگر بھی صوبے میں مہم چلا رہے ہیں۔

جب ان سے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے جاری دھرنے کے بارے میں پوچھا گیا تو وفاقی وزیر نے اس بارے میں بات کرنے سے انکار کردیا اور کہا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پہلے کہہ چکے ہیں کہ ٹی ایل پی کے ساتھ معاہدے کی تفصیلات جلد قوم کے سامنے پیش کی جائیں گی۔