کوئٹہ : ایران کے کوئٹہ میں متعین قونصل جنرل حسن درویش وند نے کہا ہے کہ پاک ایران دوطرفہ تجارتی اہداف کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ دونوں ممالک کی تجارت سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات کو حل کیا جائے،جوائنٹ بارڈر ٹریڈ کمیٹی کے سالانہ اجلاس میں بھی اس سلسلے میں تفصیلی غور و خوض ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کوئٹہ میں ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی،سنیئر نائب صدر محمد ایوب مریانی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی،سینئر نائب صدر محمد ایوب مریانی و دیگر نے ایران کے قونصل جنرل حسن درویش وند کی توجہ بارڈر اور بارٹر ٹریڈ سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات کی جانب مبذول کرائی اور کہا کہ وہ امید رکھتے ہیں کہ مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کی روز اول سے ہی ہمسائیہ ممالک و دیگر کے ساتھ برادرانہ تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے کوششیں جاری ہیں بلکہ اب بھی اس سلسلے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاک ایران دوطرفہ تجارت کا فروغ دونوں برادر اسلامی ممالک کی معاشی خوشحالی کی ضامن ہے اس سلسلے میں دونوں ممالک کی حکومتی سطح پر اور صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کے درمیان روابط میں تیزی لانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ ایران کے دارالحکومت زاہدان میں ہونے والی جوائنٹ بارڈر ٹریڈ میٹنگ میں بھی دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔اس موقع پر ایران کے قونصل جنرل حسن درویش وند نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے وفد کی قونصلیٹ آمد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ دوطرفہ تجارتی اہداف کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ دونوں ممالک کی تجارت سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اس سلسلے میں ایران ہر ممکن تعاون کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔