شاہرگ: ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے پی ڈی ایم کے 26نکاتی اعلامیہ پر عملدرآمد ناگزیر ہوچکا ہے ، سلیکٹڈ حکمرانوں ، مہنگائی وبیروزگاری سے نجات کیلئے ملک میں فوری طور پر از سر نو صاف شفاف آزادانہ وغیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ضروری ہے، علی وزیر جوکہ ایک منتخب رکن قومی اسمبلی ہے لیکن انہیں تاحال پابند سلاسل رکھا گیا ہے ، یہ ملک پانچ برادر اقوام کاایک فیڈریشن ہے ہر قوم کے وسائل پر اس کی ملکیت کو تسلیم کرنا ہوگا، ہرنائی میں حالیہ زلزلہ سے تباہی کے بعد متاثرین کیلئے ضلع آواران کے زلزلہ متاثرین کی طرز پر زلزلہ پروف مکانات کی تعمیر ضروری ہے اور امداد ی اشیاء ضلعی انتظامیہ کے زیر نگرانی تقسیم ہو۔ ملک کو بچانے اور چلانے کا واحد راستہ ملک میں حقیقی جمہوریت کا قیام اور سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت کاخاتمہ ہے ۔
ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے زیر اہتمام شاہرگ کلی بستی شیخان میں صابر شاہ کی رہائش گاہ پر پشتونخوامیپ کے مرکزی و صوبائی سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال کے صدارت میں منعقدہ شمولیتی اجتماع میں شاہرگ کے مختلف کلیوں سے تعلق رکھنے والے 273 خاندانوں کی پشتونخوامیپ میں شمولیت کے اجتماع سے عبدالرحیم زیارتوال ،پارٹی کے صوبائی نائب صدر عبدالقہارودان، ضلع ہرنائی کے ضلعی اطلاعات سیکرٹری حفیظ ترین، ضمیر گلبہار، لعل محمد خوستی ،مظفر خان ترین حاجی حقداد اور صابر شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہا کہ اس وقت ملک جن سنگین بحرانوں سے دوچار ہیں اس کے ذمہ دارا سٹیبلشمنٹ کا روز اول سے سیاست میں مداخلت اور بار بار جمہوریت پر شب خون مارنے ،الیکشن چوری کرنے ،زر اور زور سے عوام کی رائے کے خلاف نااہل و سلیکٹڈ حکمرانوں کو عوام پر مسلط کرنے کی وجہ سے ہے آج ملک معاشی طور پر گنگال اور سفارتی طور پر پوری دنیا میں یک تنہا ہو چکا ہے ،تاریخ کی بد ترین ،سخت ترین مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی نے پورے ملک کے عوام کو زندہ درگور کررکھا ہے عوام دو وقت کی نان شبینہ کے لیے خودکشیوں پر مجبور ہیں لیکن سلیکٹڈ حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی ۔مقررین نے کہا کہ جب تک ہر ادارہ اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوے اپنی آئینی ذمہ داریاں نہیں نبھائیں گے تب تک ملک مسائل سے نہیں نکل سکتا۔سیاسی پارٹیوں اور سیاسی کارکن ملکی اداروں کیخلاف نہیں ہوتے بلکہ سرکاری ملازمین کا سیاست میں مداخلت کے خلاف ہیں۔
جبکہ ہر ادارے کے فرائض کا تعین ملکی آئین میں ہوچکا ہے جس پر عملدرآمد ضروری ہے۔ مقررین نے کہا کہ اس ملک کے بحرانوں کا واحد حل پی ڈی ایم کے 26 نکاتی اعلامیہ میں ہیں جس کے تحت جلد از جلد موجودہ نااہل سلیکٹڈ حکمرانوں سے نجات اور اداروں کی مداخلت کے بغیر صاف شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد میں مضمر ہے ۔مقررین نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے قیام اور ہر بالغ مرد و عورت کو ووٹ کا حق دینے کے لئے ہماری قربانیاں سب سے زیادہ ہیں جنگ آزادی کے عظیم ہیرو خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے ووٹ اور جمہوریت کے قیام کیلئے 14 سال مسلسل قید بامشقت برداشت کیں ،ہم اپنے اکابرین کی تقلید میں جمہوریت کے قیام کیلئے ملک کے تمام جمہوری قوتوں کے شانہ بہ شانہ جدوجہد جاری رکھیں گے اور اس راہ میں کسی قسم قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔
مقررین نے کہا کہ گزشتہ چار دہائیوں سے پشتون غیور ملت پر دہشت گردی مسلط کر دی گئی ہے لاکھوں پشتونوں کو شہید زخمی اور بے گھر کیا گیا ہے آخر ہمارا گناہ کیا ہے ہمارے قدرتی وسائل کو بے دریغ لوٹا جارہا ہے جس میں ہمیں دو وقت کی روٹی کمانے کے لئے مزدوری تک میسر نہیں پورے پشتون وطن میں ہر دس کلو میر پر چیک پوسٹیں قائم کئے گئے ہیں جہاں پر ہمارے باعزت بزرگوں،خواتین اور بچوں کی تذلیل کا نہ روکنے والا سلسلہ جاری ہیں جس کے خاتمے کیلئے حکومت نے اقدامات اٹھانے ہونگے۔ مقررین نے کہا کہ ہم ملک میں پشتون قومی وحدت ، قومی تشخص اور قومی اختیار کے مطالبہ پر قائم ہے اور پشتونخواملی عوامی پارٹی اور اس کی قیادت نے ہر فورم پر اس کیلئے آواز اٹھائی ہے اور عملی طور پر ہمارے وطن کی تقسیم کو اپنے پارٹی منشور کا حصہ بنایا ہے