|

وقتِ اشاعت :   November 8 – 2021

تہران /کوئٹہ :  پاکستان اور ایران کے درمیان مقرر کردہ تجارتی اہداف کے حصول کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جانے پر اتفاق کرلیا گیا ہے جس کے دونوں ممالک کی صنعت و تجارت اور دیگر شعبوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ، گزشتہ روز ایران کے دارالحکومت تہران میں پاکستانی وفد نے ایرانی وفد سے ملاقات کی اور دوطرفہ تجارتی تعلقات سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

پاکستانی وفد میں ایڈیشنل سیکرٹری کامرس سید حامد ، کسٹم آپریشنز کے سید طارق ہدیٰ ، کمرشل اتاشی مسعود احمد ، چیمبر آف کامرس کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی ، سینئر نائب صدر محمد ایوب مریانی ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے حکام اور ایکسپورٹرز سمیت دیگر شامل تھے جبکہ ایرانی سرکاری حکام اور تہران چیمبر آف کامرس کے عہدیداران سمیت ایکسپورٹرز بھی موقع پر موجود تھے ۔ ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی اور سینئر نائب صدر محمد ایوب مریانی نے بتایا کہ گزشتہ روز ایران کے دارالحکومت تہران میں پاکستانی ، ایرانی حکام ، چیمبر آف کامرس کوئٹہ اور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تہران کے عہدیداران کے دوطرفہ تجارتی تعلقات اور اس سلسلے میں درپیش مشکلات سے متعلق تفصیلی بات چیت کی گئی اور مختلف امور زیر غور لائے گئے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مقررہ تجارتی اہداف کے حصول کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جانے پر اتفاق کرلیا گیا ہے ، ہمیں امید ہے کہ حالیہ جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی کی میٹنگ اور حکومتوں کی سطح پر ہونے والی ملاقات کے نتیجے میں دونوں ممالک کی صنعت و تجارت اور دیگر شعبوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔