کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مزدوروں ،کسانوں ،محنت کشوں کی جماعت ہے جس نے ہر دور میں ہر طبقے کے لئے اقدامات کئے ہیںمزدور قوم کی گاڑی کا پہیہ ہیں انکی بہتری کے اقدامات اٹھائے بغیرقومی ترقیاتی اہداف کا حصول ناممکن ہے، مگر بدقسمتی سے ملک میں موجود سلیکٹڈ حکومت نے ہرطبقے کا جینا محال کردیا ہے۔
یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی،صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ اور سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی و دیگر نے پیر کو پیپلز لیبر بیورو بلوچستان کے عہدیداروں و رہنماؤں کے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں پی ایل بی کے عہدیداروں و رہنماؤں نے پیپلز لیبر بیورو کے تنظیمی امور پر بریفنگ دی اور صوبائی قیادت نے پیپلز لیبر بیورو کے عہدیداروں و رہنماؤں سے تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال اور تجاویز لیں ساتھ ہی پیپلز لیبر بیورو کے عہدیداروں کو اپنی تنظیم صوبے بھر میں مزید فعال و منظم کرنے کی ہدایات بھی کی ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مزدور کو خود کشی پر مجبور کردیا ہے اجر ت میں اضافہ کئے بغیر مہنگائی میں کئی گنا اضافہ کردیا گیاہے مزدور 160روپے کی چینی،70روپے کلو آٹا خریدنے کی سقط نہیں رکھتا ملک میں عوامی حکومت ہوتی تو وہ ان معاملات پرغور کرتے ہوئے مزدوروں کے لئے خصوصی ریلیف کا اعلان کرتی مگر موجودہ حکومت نے صرف 120ارب روپے کے پیکج کا نام نہاد اعلان کیا جس میں فی کس 120روپے آئیں گے جس میں ایک کلو چینی بھی نہیں آسکتی انہوں نے کہا کہ ملک کی بقاء کے لئے عوام ،مزدوروں سمیت ہر طبقے کو باہر نکلنا ہوگا اور حکومت کے خلاف آواز اٹھانی ہوگی جس دن عوام باہر نکل آئی تو حکومت کو جانے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔
اجلاس میں پیپلز لیبر بیورو بلوچستان کے صدر شاہجہان گجر، جنرل سیکرٹری ہاشم محمد شہی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ملک زیشان حسین،میڈیا کوآرڈینیٹر حیات خان اچکزئی،صوبائی رہنما قاسم اچکزئی ،کامران سومرو، حاجی عزیز لانگو، حاجی عارف محمد حسنی، شاہ نذر ہارونی،صغیر کھرل، اکرم گل، امین کشمیری، غلام حسین ہزارہ، طارق یوسفزئی، حیدر مگسی، بابو لاشاری، رؤف لانگو ،سردار وحید، داؤد وردگ، ظفر بلوچ ،عطاء اللہ محمد حسنی، ارشد اوڈھو، رضوان خان، شاہ محمد گجر، غلام محمد شینا،مٹھا عمرانی،اسد گجر ودیگر نے بھی شرکت کی۔