|

وقتِ اشاعت :   November 12 – 2021

گوادر: اعلی تعلیمی ادارے کسی بھی علاقے کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، یونیورسٹیان افراد کی نہیں بلکہ اقوام کی تقدیریں بدلتی ہیں۔ گوادر یونیورسٹی کے قیام سے علاقے میں حقیقی ترقی کا سفر شروع ہوگیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی آف گوادر کے پہلے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے تدریسی اسٹاف کے ساتھ اپنی پہلی باقاعدہ نشست میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف گوادر نہ صرف گوادر بلکہ پورے خطے کی تعلیمی و معاشی ترقی کی بنیاد بنے گا۔

یونیورسٹی کا قیام سے علاقے کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگیا ہے اب یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس کی ترقی اور ملکی سطح پر ایک نمایاں مقام دلانے میں اپنی صلاحیتیں صرف کریں۔ انہوں کے کہا کہ یونیورسٹی میں تدریس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور وہ دن دور نہیں جب یہاں کے فارغ التحصیل طلبہ علاقے اور ملک کی بہتری اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ انہوں نے تدریسی عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں اور زیادہ لگن اور جذبے سے تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے اور دور جدید کے تقاضوں سے لیس ہونے کی تاکید کی۔