|

وقتِ اشاعت :   November 14 – 2021

کوئٹہ:  پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے زیر اہتمام 17نومبر کو مہنگائی کے خلاف مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں ضلع کوئٹہ کے مختلف علاقوں باچا خان چوک ، کچلاغ اور سریاب میں کیمپس لگائیں گئے ۔ کچلاغ میں کیمپس کا افتتاح پی ڈی ایم کے صوبائی صدر ایم پی اے ملک نصیر احمد شاہوانی ، مولانا محمد سرور ،عبدالقہار خان ودان ،عصمت اللہ سالم ، یوسف خان کاکڑ، ایم پی اے نصراللہ خان زیرے، محمد حنیف کاکڑ، مولوی خورشید، عبداللہ خان نے کی ۔

جبکہ باچا خان چوک کے کیمپ کے افتتاح کے موقع پر ملک نصیر احمد شاہوانی ،جمال شاہ کاکڑ، عبدالقہار ودان، مولوی سرور خان موسیٰ خیل ،عصمت اللہ سالم، خیر بخش بلوچ، نسیم اللہ اچکزئی، مولوی خورشید اور سریاب کے منیر احمد خان چوک پر کیمپ کے افتتاح کے موقع پر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی ، ملک نصیر احمدشاہوانی ،جمال شاہ کاکڑ، عبدالقہار خان ودان ، عصمت اللہ سالم ، خیر بخش بلوچ اور دیگر رہنماء نے افتتاح کیا۔ کیمپس کے افتتاح کے موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 17نومبر کو ملک میں ہوشربا مہنگائی کے خلاف عظیم الشان احتجاجی مارچ ہوگا جس کی قیادت میں پی ڈی ایم کے مرکزی قائدین کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں ملک کو معاشی ،سیاسی ، اقتصادی بحرانوں سے دوچار کیا ہے ۔

حالیہ مہنگائی نے غریب عوام کو نان شبینہ کیلئے مجبور کیا ہے جس کے خلاف پی ڈی ایم نے گزشتہ ایک ماہ سے ملک کے مختلف اضلاع ، شہروں میں مہنگائی کے خلاف ریلیوں اورمظاہروں کا انعقاد کیا اور گزشتہ روز کراچی میں مہنگائی کے خلاف عظیم الشان مارچ ہوا اور اس سلسلے میں کوئٹہ میں17نومبر کو مہنگائی کے خلاف تاریخ ساز مارچ ہوگا۔ جو موجودہ حکومت کے حکمرانی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ علاوہ ازیں پی ڈی ایم کے صوبائی کابینہ کا اجلاس صوبائی صدر بی این پی کے رہنماء ملک نصیر احمد شاہوانی کے زیر صدارت سریاب میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں نائب صدور جمال شاہ کاکڑ، عبدالقہار خان ودان ، مولوی محمد سرور، مولانا عصمت اللہ سالم ، موسیٰ بلوچ، جنرل سیکرٹری خیر بخش بلوچ ، سیکرٹری اطلاعات ایم پی اے نصراللہ زیرے، سیکرٹری فنانس مولوی خورشید نے شرکت کی۔

اجلاس میں 17نومبر کے مہنگائی کے خلاف مارچ کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی جس کے تحت فیصلہ کیا گیا کہ مارچ ایوب اسٹیڈیم سے 12بجے شروع ہوگا جس کی قیادت پی ڈی ایم کے سربراہ جمعیت علماء اسلام کے امیرمولانا فضل الرحمن ، پی ڈی ایم کے مرکزی نائب صدر پشتونخوامیپ کے چیئرمین محمود خان اچکزئی ، مسلم لیگ ن کے صدر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف ، بی این پی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل، نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ علامہ پروفیسر سنیٹر ساجد میر ، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پائو، جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ علامہ اویس احمد نورانی کرینگے۔ مارچ کوئٹہ شہرکے مختلف شاہراہوں پر گشت کرتے ہوئے ہاکی گرائونڈ چوک پر اختتام پذیر ہوگا اورمارچ سے قائدین خطاب بھی فرمائینگے۔ اجلاس میں تمام عوام سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ مہنگائی کے خلاف مارچ میں بھرپور شرکت کریں۔