|

وقتِ اشاعت :   November 18 – 2021

کوئٹہ:  پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے زیر اہتما م کوئٹہ کے عظیم الشان مہنگائی مارچ وجلسہ عام کی کامیابی پر پی ڈی ایم میں شامل تمام سیاسی جمہوری جماعتوں کے رہنمائوں وکارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تمام باشعور وطن دوست ، قوم دوست، جمہوریت پسند عوام کا شکریہ ادا کیا گیاجنہوں نے مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی وجلسے میں شرکت کیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کا کامیاب احتجاجی جلسہ سلیکٹڈ حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم ہے اور ہمارے عوام ان سلیکٹڈ حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے اپنی نااہلی ناکامی ناتجربہ کاری کے باعث اس ملک اور اس کے عوام کو بدترین بحرانوں سے دوچار کر رکھا ہے اور عوام کے ہر شعبہ زندگی کو بدترین طور پر مفلوج کرکے خدمت کے عوامی اداروںکو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم تمام عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہے اور یہ امید رکھتی ہے عوام اسی جوش جذبے اور ولولے کے ساتھ پی ڈی ایم کی سیاسی جمہوری تحریک کا ہمیشہ ساتھ دینگے کیونکہ پی ڈی ایم ہی وہ تحریک ہے جو اس ملک کے عوام کو ان مسلط حکمرانوں سے نجات دلائیگی۔ بیان میں احتجاجی مارچ اور جلسے کے تمام منتظمین ، سیکورٹی پر مامور سیاسی پارٹیوں کے کارکنوں اور ضلعی انتظامیہ وپولیس کو خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں اپنے سیکورٹی کے بہترین فرائض سرانجام دیئے ۔