کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ایگزیکٹو کا اجلاس پارٹی کے مرکزی سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی ایگزیکٹوز کے اراکین نے شرکت کیں۔ اجلاس میں برصغیر پاک وہند اور پشتونخوا وطن کی آزادی کے قافلے کے عظیم سالار خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے شہادت کی 48ویں برسی کے موقع پر 2دسمبر کو کوئٹہ میں منعقد ہونیوالے عظیم الشان جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں17نومبر کو پی ڈی ایم کے کوئٹہ کے زیر اہتمام مہنگائی کے خلاف کامیاب ترین احتجاجی مارچ وجلسے کے انعقاد پر تمام سیاسی پارٹیوں کے اکابرین اور ان کے کارکنوں کی ہمت ، حکمت اور جذبے کو سراہتے ہوئے اس میں عوام کی شرکت کو دراصل سلیکٹڈ ناکام نااہل اور مسلط حکمرانوں پر مکمل عدم اعتماد قرار دیا گیا۔ اجلاس میں یہ طے کیا گیا کہ ملک کو جن بحرانوں کا سامنا ہے اُس کی اصل وجہ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے آئین کی پائمالی کو قرار دیا گیاہے۔ ملک کی معاشی دیوالیہ پن ،عالمی محاذ پر ملک کی تنہائی ،اندرونی طور پر مسلط پارلیمنٹ کے ذریعے غیر آئینی ،غیر قانونی بلوں کو زراور زور سے پاس کرانے کا جو عمل ہوا وہ دراصل اس وقت ملک میں جاری بحرانوں کو مزید گہرا کرنے کی سازشوں کو تقویت پہنچانے کے مترادف ہیں۔ ملک پر مسلط کردہ ٹولے کے ذریعے قانونی اصلاح اور بہتری کے امکانات معدوم ہوچکے ہیں ۔
اجلاس میں صوبے کی صورتحال کو ناگفتہ بہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایک جانب صوبے کے ینگ ڈاکٹرز مکمل ہڑتال پر ہے دوسری جانب یونیورسٹی سے طلباء کو اٹھایا گیا ہے اس کے علاوہ صوبے کے طول وعرض میں سویلین حکمرانی کی بجائے ایف سی کے کرنلز کے ذریعے ضلعی انتظامیہ کو مفلوج بنایا گیا ہے صوبے کی باڈرز تجارت پر اجارہ داری کیلئے چھوٹے پیمانے کی تاجروں کو ختم کرنے کی سازش جاری ہے جسے کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائیگا۔ اجلاس میں طے پایا کہ2دسمبر 2021کو خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی برسی تمام اضلاع ، ملک بھر اورملک سے باہر نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جائیگا ۔ اور اس کے علاوہ اجلاس میں جو فیصلے کیئے گئے ان سے صوبے کے تمام اضلاع کے سیکرٹریوں کو مطلع کیا جائیگا۔ اجلاس میں پارٹی کے تمام کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 2دسمبر کے جلسے کی بھرپور تیاری کریںاور ملک میں بدترین مہنگائی ، سخت ترین بیروزگاری اورجاری بحرانوں سے نجات کیلئے سیاسی جمہوری جدوجہد کرتے ہوئے اپنے تنظیمی صفوں میں نظم وضبط اور اتحاد کو مضبوط بنائیں