|

وقتِ اشاعت :   November 21 – 2021

گوادر: الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبر شاہ محمد جتوئی نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن انتخابی فہرستوں کو غلطیوں سے پاک غیر جانبدارانہ وشفاف الیکشن انعقاد کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے اس سلسلے میں 7نومبر2021سے گھر گھر ووٹرزکی تصدیقی عمل کا آغاز ہوچکا ہے6دسمبر2021تک تصدیقی عمل جاری رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں بلوچستان کے ساحلی شہر گوادرمیں ضلعی الیکشن کمیشن آفس گوادر میں اجلاس کی صدارت کے دوران منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔۔اس موقع پر ضلعی الیکشن کمشنر گوادر محمد سمیع اللہ نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ممبر کو آگاہ کیا ان کا دفتر تمام شمار کننداگان اور محکمہ نادرا کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور ضلع بھر میں گھر گھر تصدیقی عمل کی بذات خود مانیٹرنگ اورتمام علاقوں کے دورے بھی کر رہے ہیں۔

اورانہوں نے مزید کہاکہ گھر گھر تصدیقی عمل کے دوران ضلع بھر کی ووٹرلسٹ کو غلطیوں سے پاک کیاجائے گا تاکہ صاف وشفاف الیکشن منعقد ہوسکیں۔دورے میں ممبر بلوچستان الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضلعی افسر سے انکے دفتری اورسیکورٹی امور حوالے سے مسائل معلوم کئے اور انہیں حل کرانے کی یقین دہانی کرواء اورکہاکہ ووٹرزکی تصدیق کے دوران جو بھی ممکنہ مسائل درپیش آئیں اْنہیں فوری طور پہ حل کیا جائے۔